اوکاڑہ؍ فیصل آباد (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) دونوں شہروں میں ڈاکوؤں نے ناکے لگا رکھے اور اپنے ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بنے۔ تھانہ بلوچنی پولیس کو اطلاع ملی کہ 65 ر ب کے قریب 2 ڈاکو ناکہ لگا کر لوٹ مار کر رہے ہیں۔ پولیس آتی دیکھ کر ڈاکو چک 141 کی جانب فرار ہو گئے۔ پل عاقل کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کا آمنا سامنا ہو گیا، فائرنگ کا تبادلہ جاری تھا کہ اسی دوران ایک ڈاکو اپنے ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا جبکہ دوسرا ڈاکو رات کی تاریکی کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے فرار ہو گیا۔ موقع سے 30 بور پسٹل، کلاشنکوف اور 125 موٹر سائیکل برآمد ہوا ہے۔ ہلاک ملزم کی شناخت مزمل کے نام سے ہوئی ہے۔ اوکاڑہ کے تھانہ صدر کی حدود چک 22 جی ڈی کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ میں ایک نامعلوم ڈاکو ہلاک دو فرار ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ 22 جی ڈی کے قریب تین ڈاکو واردات کر کے فرار ہو رہے تھے کہ لوگوں نے پولیس کو اطلاع کر دی۔ ایس ایچ او ملک ارشد پولیس پارٹی کے ہمراہ پہنچ گئے تو ڈاکوؤں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔ پولیس تھانہ صدر نے جائے وقوعہ سے چھینی گئی موٹر سائیکل، موبائل فون اور اسلحہ برآمد کر لیا اور ڈاکوؤں کی تلاش کے لئے پولیس نے ناکہ بندی کر دی۔