لاہور(سپورٹس رپورٹر)وزیراعلی پنجاب کے مشیر برائے کھیل وہاب ریاض سے سیکرٹری جنرل پاکستان ہاکی فیڈریشن حیدر حسین نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ملاقات کی جس میں ہاکی کی بحالی کیلئے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وہاب ریاض نے کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب ملک میں ہاکی کی ترقی اور بحالی کیلئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کیساتھ کام کررہا ہے، قومی کھیل ہاکی کی بحالی اولین ترجیحات میں شامل ہے،پلیئرز ڈویلپمنٹ کیلئے نجی شعبے کے تعاون سے کام کریں گے۔ پنجاب میں 20 سے زائد ہاکی ٹرف گراؤنڈ زتیار ہیں،ہاکی کے کھلاڑیوں کو ہرممکن سپورٹ فراہم کی جائیگی تاکہ نئے کھلاڑی آگے آئیں۔7سے 11اپریل تک پہلی رمضان المبارک سپورٹس سیریز شروع کررہے ہیں جس میں ہاکی ایونٹ کیلئے 40 لاکھ سے زائد کے کیش ہرائز رکھے گئے ہیں۔سیکرٹری جنرل پاکستان ہاکی فیڈریشن حیدر حسین نے کہا کہ مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض کی ہاکی کیلئے کاوشیں قابل ستائش ہیں،سپورٹس بورڈ پنجاب کیساتھ مل کر ہاکی کے مستقبل کو محفوظ بنائیں گے۔