لاہور فیصل آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ خصوصی) نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا ہے کہ عدالت عظمیٰ کی طرف سے فیصلہ ملتے ہی اس پر مکمل طور پر عمل کیا جائے گا۔ دورہ فیصل آباد کے دوران میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ الیکشن کا انعقاد الیکشن کمیشن کا کام ہے۔ پنجاب حکومت نے انتخابات کروانے کیلئے کچھ نہیں کرنا۔ الیکشن کمشن نے اس حوالے سے جو بھی ہدایت کی اس پر عمل کیا جائے گا۔ حکومت عوام کو صحت اور خوراک کی سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ اس حوالے سے جہاں بھی شکایت سامنے آتی ذمہ داران کے خلاف فوری ایکشن لیا جاتا ہے۔ رمضان پیکج کے تحت پنجاب میں آٹے کے 15 لاکھ تھیلے تقسیم کئے جا چکے ہیں۔ محسن نقوی نے فیصل آباد میں کوآپریٹو ٹریننگ کالج، ہاکی سٹیڈیم اور اقبال سٹیڈیم میں قائم مفت آٹا کے 3 سنٹرز کے وزٹ کئے محسن نقوی نے سنٹرز پر آٹا لینے کیلئے آنے والے شہریوں کیلئے کئے گئے انتظامات کی تعریف کی اور انتظامیہ پولیس اور دیگر محکموں کے افسروں اور عملے کی کارکردگی کو سراہا۔ بعض شہریوں نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں تصدیق نہ ہونے اور چند شہریوں نے شناختی کارڈز کی تصدیق نہ ہونے کے بارے میں شکایات کیں جس پر محسن نقوی نے عملے کو شکایات کے فوری ازالے کا حکم دیا۔ محسن نقوی نے مفت آٹا سنٹرز کے بعد الائیڈ ہسپتال کا اچانک دورہ کیا۔ مریضوں کے لئے طبی سہولتوں کا جائزہ لیا اور صفائی کے انتظامات کا معائنہ کیا۔ مریضوں اور تیمار داروں نے ہسپتال خصوصاً کچن میں صفائی کے ناقص انتظامات، کاکروچ کی شکایات کیں۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے صفائی کے ناقص انتظامات پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا اور مریضوں کی عیادت کی۔ نگران وزیراعلی نے میو ہسپتال میں ساہیوال میں دھکم پیل سے زخمی ہونے والی بزرگ خاتون صغراں بی بی کی عیادت کی اور خیریت دریافت کی۔ محسن نقوی نے زخمی خاتون کے بیٹے سے ملاقات کی۔ نگران وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں پرائمری انجیوگرافی کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ دل کے مریضوں کیلئے ڈرپ اینڈ شفٹ شرو ع کرنے کافیصلہ کیا گیا۔ ہارٹ اٹیک پر مریض کو ضروری انجکشن لگا کر ایمبولینس کے ذریعے تحصیل اور ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں بھیجا جائے گا۔ تحصیل اور ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں پرائمری انجیوگرافی کی سہولت نہ ہونے پر قریبی بڑے ہسپتال میں شفٹ کر دیا جائے گا۔ ڈرپ اینڈ شفٹ ابتدائی طور پر پنجاب کے چار اضلاع شیخوپورہ، قصور، چنیوٹ اور جھنگ میں شروع کیا جائے گا۔