اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر مملکت آصف علی زرداری سے پاکستان میں چین کے سفیر چیانگ زئے دونگ اور روس کے سفیر نے الگ الگ ملاقات کی۔ چین کے سفیر کے ساتھ ملاقات میں دہشت گردی پر قابو پانے کیلئے انسداد دہشت گردی کے شعبہ میں تعاون اور انٹیلی جنس شیئرنگ بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ صدر مملکت اور چینی سفیر نے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے اپنے چینی بھائیوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔ صدر آصف علی زرداری سے پاکستان میں روس کے سفیر البرٹ خوریو نے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ روس کے ساتھ توانائی اور بارٹر تجارت کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے خواہاں ہیں، روس پاکستان کے ساتھ تجارت کے فروغ کیلئے روسی بنکوں کو پاکستان میں آپریشن شروع کرنے کی ترغیب دے۔ صدر مملکت نے روس کے ساتھ ثقافتی شعبے بالخصوص ٹی وی اور فلمز میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر نے سفیر کو روسی صدر کیلئے دوبارہ منتخب ہونے پر مبارکباد، نیک تمناؤں کا پیغام دیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ امید ہے کہ صدر پیوٹن کی قیادت میں روس تیز تر معاشی ترقی کرے گا۔ عالمی امن کو فروغ حاصل ہوگا۔ صدر مملکت نے ماسکو میں 22 مارچ کے دہشت گرد حملے میں 130 معصوم جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا۔ روسی سفیر نے کہا کہ روس پاکستان کی معاشی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرنے کا خواہشمند ہے۔ دونوں ممالک مشترکہ امور بشمول انسدادِ دہشت گردی اور منشیات کی سمگلنگ پر تعاون کررہے ہیں، روس پاکستان کے ساتھ موجودہ تجارتی حجم کو دو گنا کرنا چاہتا ہے۔ روسی سفیر نے ماسکو میں 22 مارچ کے دہشت گرد حملے کی مذمت کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ روسی سفیر کی صدر آصف علی زرداری کو صدر پاکستان کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ۔ دریں اثنا صدر مملکت سے ائیرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک فضائیہ کے پیشہ ورانہ امور سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔