لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ مریم نواز سے ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجے بن ہاسن نے ملاقات کی۔ ناجے بن ہاسن نے پہلی خاتون وزیراعلی منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعلی نے ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجے بن ہاسن کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔ ورلڈ بینک کے اشتراک سے جاری ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال ہوا اور عوامی فلاح و بہبود کے لئے باہمی اشتراک کار جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلی نے کہا کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے جاری پراجیکٹ کی خود مانیٹرنگ کروں گی۔ وزیراعلی نے پنجاب بھر میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پراجیکٹ کے متعلق آگاہ کیا۔ ملاقات میں سموگ کے خاتمے اور ائرکوالٹی انڈیکس میں بہتری کے اقدامات کے لئے باہمی تعاون پر اتفاق اور ورلڈ بینک کے اشتراک سے پنجاب گرین ڈویلپمنٹ پروگرام پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے پنجاب سٹیز پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔ ملاقات میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اشتراک کار پر اتفاق کیا گیا۔ مریم نواز شریف نے نالج پارک پراجیکٹ سے آگاہ کیا۔ پنجاب میں غذائی کمی کے شکار بچوں کے نیوٹریشن پراجیکٹ پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ وزیراعلی نے کہا کہ سرکاری پرائمری سکولوں میں ڈبہ بند ملک کی فراہمی کا پراجیکٹ جلد شروع کیا جارہا ہے۔ ڈبہ بند ملک کی فراہمی کے پراجیکٹ میں ورلڈ بینک اور دیگر اداروں کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ مریم نواز شریف سے ازبکستان کے سفیر اوبیک عارف عثمانوف نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔ ازبک سفیر اوبیک عارف عثمانوف نے پہلی خاتون وزیر اعلی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ ازبک سفیر اوبیک عارف عثمانوف نے نواز شریف کے وسطی ایشیائی ریاستوں کے تجارتی روٹس کے ویژن کو سراہا اورکہا کہ محمد نواز شریف ویژنری لیڈر ہیں، ان کی کاوشوں کی وجہ سے سینٹرل ایشیا میں ٹریڈ کو فروغ ملا اور ترقی کے راستے کھلے۔ ازبک سفیر اوبیک عارف عثمانوف نے محترمہ کلثوم نواز شریف مرحومہ کی پاکستان میں جمہوریت کے لئے خدمات کو سراہا۔ ازبک سفیر نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف پنجاب کے عوام بالخصوص یوتھ کی فلاح وبہبود کے لئے قابل قدر خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔ ملاقات میں تعلیم، صحت، زراعت، فارماسیوٹیکل، سرجیکل آلات کی باہمی تجارت سمیت مختلف شعبوں میں معاشی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال اور گارمنٹس کی درآمدات اور برآمدات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ مریم نواز شریف سے مسلم لیگ آزادکشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے ملاقات کی۔ وزیراعلی پنجاب کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال اور آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کے پارٹی امور پر مشاورت کی گئی۔ مریم نواز شریف نے مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے پنجاب میں پائیدار ترقی کیلئے اختراعی پراجیکٹ لارہے ہیں۔ مریم نواز شریف نے کوٹ ادو میں مسجد میں معتکف بچے سے زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔ ملزموں کو قانون کی گرفت میں لانے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ شرمناک واقعہ میں میں ملوث ملزم کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے نوٹس پر کوٹ ادو میں مسجد میں معتکف بچے سے زیادتی کے واقعہ میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
عالمی ادارے سے اشتراک جاری رکھنے پر اتفاق ، منصوبوں کی نگرانی خودکر وں گی مریم نواز
Apr 05, 2024