عدلیہ  پر عوام کو اعتماد نہیں  دیا تو معاشی بحران ختم  ہوجا ئے گا: بلاول 

Apr 05, 2024

لاڑکانہ (نوائے وقت رپورٹ)  بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھٹو کے مقدمے میں ہونے والی حالیہ پیشرفتت کے بعد وقت آگیا ہے کہ پارٹی اب عدالتی اصلاحات کے ایجنڈا کو ہر فورم پر اٹھائے، عدلیہ پر عوام کا اعتماد نہیں رہا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو بھی ہدایات جاری کی ہیں کہ عوام کے مسائل معلوم کرنے اور ترقیاتی منصوبوں پر مشاورت کے لیے صوبائی کابینہ ضلعی سطح پر کھلی کچہریوں کا انعقاد کرے۔ پی پی پی چیئرمین نے بھٹو ہاؤس نوڈیرو میں این اے 194 کے صوبائی حلقے پی ایس 10 کے پولنگ ایجنٹس، پولنگ انچارج اور حلقے کے معززین کے اعزاز میں  افطار سے خطاب میں کہا کہ  بھٹو کیس میں سپریم کورٹ کی جانب سے سامنے آنے والا آرڈر پارٹی سمیت پورے ملک کے لیے تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔ بھٹو کیس میں اب یہ تسلیم کیا گیا ہے کہ اس معاملے میں ایک "تاریخی جرم" ہوا تھا۔ ہمارے ملک کی جو عدلیہ ہے اور جو اس کی تاریخ ہے، اس پر ایک بہت بڑا داغ ہے۔ اگر ہمیں اسے درست کرنا ہے تو ہمیں جوڈیشل ریفارمز کی جانب بڑھنا ہوگا۔ بینظیر بھٹو نے جس میثاق جمہوریت پر دستخط کئے تھے، اس میں عدالتی اصلاحات کا ایجنڈا بھی شامل تھا۔ ہم میثاق جمہوریت پر 90 فیصد عملدرآمد کرچکے ہیں، اگر اب کچھ رہتا ہے تو وہ جوڈیشل رفارمز ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ وقت آگیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اب عدالتی اصلاحات کے لیے جدوجہد کرے تاکہ عوام کو فوری اور سستا انصاف میسر ہوسکے۔  عوامی مسائل کے حل کے لیے وفاقی حکومت کی حمایت کا فیصلہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ اگر حکومت کو وقت دیا گیا تو پاکستان کو معاشی بحران سے نکالا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے اقدامات کریں گے، ہم اپنی عوام کی آواز بنیں گے اور مسائل حل کرائیں گے۔  الیکشن مہم کے دوران انہوں نے عوامی معاشی معاہدہ پیش کیا تھا۔  گو کہ پارٹی کو وفاق میں حکومت نہیں ملی، لیکن سندھ اور بلوچستان کی حد تک جتنا ممکن ہوسکا اس معاہدے پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی سطح پر بینظیر کسان کارڈ جلد متعارف کرایا جائے گا، جبکہ بینظیر مزدور کارڈ پر عملدرآمد شروع کردیا گیا ہے۔ قبل ازیں بلاول  نے قائدعوام شہید ذوالفقار بھٹو کی  برسی پر فریال تالپور کے ہمراہ گڑھی خدا بخش میں اپنے نانا، بینظیر بھٹو، نصرت بھٹو، میر مرتضیٰ بھٹو اور میر شاہنواز بھٹو کے  مزارات پر بھی حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

مزیدخبریں