لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے انسپکٹر رینک پر پروموٹ ہونے والے لاہور اور شیخوپورہ کے31 افسران اور انکے اہل خانہ سے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی،تقریب میں پروموٹ ہونیوالے افسران کے اہلخانہ بھی موجود تھے جنہیں آئی جی پنجاب نے مبارک باددی اور بچوں کیساتھ شفقت کا اظہار کیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے گذشتہ دنوں 172 سب انسپکٹرز کی انسپکٹر رینک پر محکمانہ ترقی کی منظوری دی تھی۔ ترقی پانے والے دیگر انسپکٹرز کو ان کے تعیناتی کے اضلاع میں پروموشن رینک لگانے کی تقاریب منعقد کی گئیں۔ ایڈیشنل آئی جی پنجاب، سلطان احمد چوہدری نے ترقی پانے والے افسران کو انسپکٹر رینک کے بیجز لگائے،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے کہاکہ محکمانہ پروموشن کے ثمرات پہلے سے بہتر کارکردگی، انصاف کی فوری فراہمی کی صورت شہریوں کو منتقل کریں۔ مشکلات کا شکار شہریوں کے دست و بازو بنیں، خلق خدا کی دلجمعی سے خدمت کریں، میرٹ اور سنیارٹی کے مطابق ترقیاں جاری، عید سے قبل تمام رینک پر پروموشن کا عمل مکمل کر لیں گے، پنجاب کے تمام شہروں میں مرحلہ وار سیف سٹی کیمرے لگائے جا رہے ہیں۔