لاہور(نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پولیس نے عیدالفطر کی شاپنگ میں مصروف شہریوں کی حفاظت کیلئے صوبہ کی مصروف مارکیٹوں، کاروباری مراکز اور بازاروں میں 2 ہزار سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیئے گئے ہیں۔لاہور کی مارکیٹوں اور کاروباری مراکز میں 400 کے قریب سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے کہاکہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مارکیٹوں میں خرید و فروخت کے دوران جرائم پیشہ عناصر کو ٹریس کرنے میں مدد ملے گی۔ تمام سی سی ٹی وی کیمرے ضلعی سیف سٹی کنٹرول رومز سے منسلک ہیں۔
اورڈیجیٹل نگرانی کا عمل سر انجام دے رہے ہیں، نئے کیمروں کے اضافے سے اہم مارکیٹوں اور بازاروں کی سکیورٹی و مانیٹرنگ کا عمل مزید تندہی سے سر انجام پائیگا۔ جرائم پیشہ اور ملک دشمن عناصر کی سرکوبی کیلئے مارکیٹوں سمیت اہم مقامات پر مزید کیمروں کی تنصیب جاری ہے، سیف سٹیز اتھارٹی کنٹرول رومز سے ذریعے مارکیٹوں اور بازاروں کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ جاری ہے۔ پنجاب پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور جرائم کی روک تھام کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو موثر طور پراستعمال کر رہی ہے جس سے امن و امان کی فضا مستحکم اور سماج دشمن عناصر کے خاتمے میں مدد مل رہی ہے۔