بجلی چوری پر صرف صارف نہیں افسر کیخلاف بھی کارروائی کی جائیگی، اویس لغاری 

Apr 05, 2024

لاہور(نیٹ نیوز) وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے اس مرتبہ بجلی چوری پر صرف کلائنٹس اور کسٹمرز کیخلاف ایف آئی آر یا انہیں جیل نہیں بھیجا جائے گا بلکہ جن فیڈرز پر زیادہ چوری ہوگی اس کے انچارج ہمارے اپنے افسر کے خلاف کرمنل پروسیڈنگ(مجرمانہ کارروائی) ہوگی اور دونوں پر ایف آئی آر ہو گی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اویس خان لغاری نے کہا نظام میں بہتری کے لیے 60ارب روپے کی مالیت سے ٹرانسفارمر کی سطح پر میٹر لگا رہے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا ڈسٹری بیوشن کمپنیز کو بہتر چلائیں تو بڑا ایڈوانٹیج مل سکتا ہے، ایک سے دو سال کے اندر بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری ان کی مینجمنٹ موثر طریقے سے نجی اداروں کے سپرد کردیں گے۔ ڈسٹری بیوشن کمپنیز کے بورڈز ازسرنو مرتب کر کے انہیں نئی زندگی دینا ہو گی جس کے بعد انہیں ٹاسک دیں گے کہ وہ نقصان کا ازالہ کریں۔انہوں نے کہا ہمارے صرف صارفین چور نہیں بلکہ ہمارے اندر بیٹھے افسر چور ہیں، اس کا حل صرف یہی ہے حکومت ان کمپنیز سے باہر نکلے، ہم ڈسکوز کو بڑے شفاف طریقے سے پرائیویٹ سیکٹر کو دیں گے۔ ان کا کہنا تھا ایک سال میں پرائیویٹ سیکٹر نے 6 ہزار850میگا واٹ کے سولر پلانٹ امپورٹ کیے ہیں جس سے کسی حد تک لوڈ کم ہوا ہے۔

مزیدخبریں