لاہور (خصوصی نامہ نگار+ لیڈی رپورٹر) ملک بھر میں آج جمعۃ الوداع اور یوم القدس منایا جائے گا۔ خطبات جمعہ میں ملک و ملت اور فلسطینیوں کے تحفظ و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی اور فلسطینیوں کے حق میں مظاہرے ہونگے۔ امیر جماعتِ اسلامی پاکستان سراج الحق کے اعلان پر 5 اپریل بروز جمعتہ المبارک ملک بھر میں مظاہرے کئے جائیں گے۔ اس حوالے سے مرکزی سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ اہل غزہ نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف جس جاں فشانی کا مظاہرہ کیا ہے اس نے اکیسویں صدی میں قرون اولیٰ کی یاد تازہ کر دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کے لیے نہتے فلسطینی عوام پر ظلم و جبر کا ہر حربہ آزما رہا ہے اور عالمی طاقتیں اس کی طرفدار بنی ہوئی ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پرآج ملک بھر میں یوم القدس منایا جائے گا۔ چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں ریلیاں نکالی جائیں گی اور یہودی بربریت کی مذمت کی جائے گی۔ ریلیوں میں تمام مکاتب فکر کی شخصیات، خواتین اور بچے بھی شرکت کریں گے۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ غزہ میں جارحیت کے خاتمے کے ساتھ، غزہ سے تمام اسرائیلی قابض فوجی باہر نکل جائیں۔صدر مجلس وحدت مسلمین پنجاب علامہ علی اکبر کاظمی نے وحدت ہاؤس پنجاب سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم رہبر کبیر امام خمینی کے فرمان کے مطابق گزشتہ 45 برس سے ہر سال رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم القدس کے طور پر منا کر مسئلہ فلسطین کو اجاگر کرتے آئے ہیں، تاہم اس سال ہمارا دل فلسطینی مظلوموں کیلئے سخت رنجیدہ ہے۔
ملک بھر میں آج جمعۃ الوداع، یوم القدس منایا جائے گا
Apr 05, 2024