آئی ایم ایف شرائط کے پابند ہیں، عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے: مجتبیٰ شجاع

Apr 05, 2024

لاہور (کامرس رپورٹر) بجلی کے بلوں میں کمی کا وعدہ سولر سسٹمز کی فراہمی سے پورا کیا جائے گا۔ آئی ایم ایف کی شرائط کے پابند ہیں لیکن عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ ریلیف کے لیے متبادل راستے اختیار کر رہے ہیں۔ مستحقین کو ٹارگیٹڈ سبسڈی دی جائے گی۔ مہنگائی پر کنٹرول کے لیے منظم میکانزم کے تحت کام کر رہے ہیں۔ زرعی اجناس کی قیمتوں میں کمی کے لیے کسانوں کی پیداواری قوت بڑھائی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار وزیر خزانہ پنجاب مجتبی شجاع الرحمان نے سول سوسائٹی کے نمائندگان سے ملاقات کے دوران کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کبھی پارٹی کے منشور پر سمجھوتہ نہیں کریں گی۔ عید الفطر کے بعد نئے بجٹ کی تیاری کے عمل کا آغاز کر دیا جائے گا۔ مالی سال 2024-25ء کا بجٹ پارٹی کے منشور کے مطابق ہو گا، عوامی امنگوں کا ترجمان ہو گا۔ پنجاب حکومت بجٹ کی تیاری میں عوامی شمولیت کو یقینی بنایا جائے گا۔

مزیدخبریں