خیبر پی کے میں ٹیکس نرخ دوسرے صوبوں کے مقابلے کم ، مشیر خزانہ 

 پشاور(آئی این پی)خیبرپی کے کے مشیرِ خزانہ مزمل اسلم نے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشنز کی ٹیکسز وصولی پر اظہارِ تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پی کے میں ٹیکس نرخ دوسرے صوبوں کے مقابلے بہت کم ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق گزشتہ روز مشیرِ خزانہ مزمل اسلم کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشنز، توانائی، ریوینیو اور انفارمیشن حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران مشیرِ خزانہ مزمل اسلم نے ہدایت کی کہ گھروں پر سالانہ میونسپل پراپرٹی ٹیکس بڑے شہروں کے برابر لایا جائے، دو کنال سے بڑے گھر پر میونسپل پراپرٹی ٹیکس صرف 45ہزار روپے ہے۔مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ بقایاجات کی ریکوری ہر صورت ہونی چاہیے۔اجلاس کے دوران محکمہ ایکسائز کے حکام نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ 100ٹی ایم ایز میونسپل پراپرٹی ٹیکس سے مستثنی ہیں، مقامی لوگ گاڑیاں باہر سے رجسٹرڈ کراتے ہیں جن سے ٹوکن ٹیکس کم جمع ہوتے ہیں۔اس پر مشیرِ خزانہ نے ہدایت کی کہ خیبر پختون خوا سے باہر رجسٹرڈ گاڑیوں پر ٹیکس کی تجاویز لے کر آئیں، صوبے سے باہر رجسٹرڈ گاڑیاں صوبے کا انفرااسٹرکچر استعمال کرتی ہیں۔مزمل اسلم کے مطابق خیبر پختون خوا میں نان فائلر پر پراپرٹی ٹیکس 23فیصد بہت زیادہ ہے، پراپرٹی ٹیکس میں صرف 6فیصد صوبے کو جاتا ہے، 6فیصد ٹیکس بھی مزید کم کریں گے تاکہ لوگ زمین کے انتقالات شروع کریں۔

ای پیپر دی نیشن