اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری احسن ظفر بختاوری نے وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے ملکی برآمدات کو آئند ہ پانچ سالوں میں دوگنا کرنے کی ہدا یات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے معاشی مسائل کا طویل المدتی حل برآمدات کے فروغ میں ہے۔پاکستان کو اگلے پانچ سال میں 120ارب ڈالر کے قرضے درکار ہوں گے۔ملکی معیشت کو قرضوں کے جال سے نکالنے کیلئے پاکستان کو برآمدات کے فروغ کیلئے نئی منڈیوں کی تلاش،دنیا بھر میں پاکستانی سفارتی مشنز کو متحرک کرنے اور مقامی سطح پر انڈسٹری کو سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر آئی سی سی آئی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے وزارت تجارت کو ہدایت کی ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز اور تاجروں کی مشاورت سے منصوبہ تیار کیا جائے اور آئندہ پانچ سالوں میں ملکی برآمدات کو دوگنا کرنے کے لیے ایکشن پلان پیش کیا جائے، یہ انتہائی خوش آئند پیش رفت ہے،انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ وزیراعظم کا یہ اقدام ملک کی برآمدات میں اضافے، زرمبادلہ کمانے اور موجودہ معاشی بحران سے نکالنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، گھریلو مصنوعات، ٹیکسٹائل وغیرہ کی برآمدات کے فروغ کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو زراعت،معدنیات اور ای کامرس کے شعبوں پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ میڈ ان پاکستان برانڈز کو اجاگر کرنے اور برامد کنندہ گان کے مسائل کے حل کیلئے منصوبہ بندی کی جانی چاہیے۔ صدر آئی سی سی آئی نے وزیراعظم کی جانب سے فرانسیسی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت کا بھی خیر مقدم کیا۔آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ ملک ایک مشکل معاشی دور سے گزر رہا ہے اور کاروباری برادری اس صورتحال پر پریشان ہے، وزیراعظم کے اقدامات یقیناً ثمر آور ہوں گے اور ملکی معیشت کی بحالی میں مدد ملے گی۔