اسرائیل کی غزہ میں وحشیانہ بمباری کیخلاف مسلمانوں کے میکڈونلڈز بائیکاٹ کے بعد الونیال لمیٹڈ نے اسرائیل میں اپنی تمام میک ڈونلڈز فرنچائزز واپس خرید نے کا اعلان کردیا ہے۔الونیال لمیٹڈ کا کہنا ہے کہ فرنچائز اسرائیل میں میکڈونلڈ کے 225 ریستورانوں کی مالک ہے .تاہم یہ تمام ریستوران کارپوریشن کو واپس فروخت کر رہی ہے۔الونیال لمیٹڈ کے سی ای او عمری پڈن نے بتایا کہ ہم نے برانڈ کو اسرائیل میں معروف اور کامیاب ترین ریستوراں چین کے طور پر بڑھایا ہے اور ہم اپنی انتظامیہ، ملازمین، سپلائرز اور صارفین کے شکر گزار ہیں جنہوں نے یہ ممکن بنایا۔میک ڈونلڈز اسرائیل کی جانب سے اسرائیلی فوج کو کھانا عطیہ کرنے کے بعد کمپنی کا بڑے پیمانے پر بائیکاٹ کیا جارہا ہے جبکہ دیگر امریکی برانڈزجیسے کوکا کولا، پیپسی اور اسٹاربکس کو بھی بائیکاٹ کا سامنا کرنا پڑا ہے. خاص طور پر اردن میں جہاں فلسطینی آبادی کی اکثریت ہے۔الونیال لمیٹڈ کے ریستورانوں میں 5000 سے زیادہ ملازمین ہیں جو اپنی ملازمتیں برقرار رکھ سکیں گے۔میک ڈونلڈز کارپوریشن میں بین الاقوامی ترقیاتی لائسنس یافتہ مارکیٹس کے صدر جو سیمپلز نے کہاکہ ہم پچھلے 30 سالوں میں اسرائیل میں میکڈونلڈ کے کاروبار اور برانڈ کی تعمیر کے لیے الونیال لمیٹڈ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔میکڈونلڈز اسرائیلی مارکیٹ میں مثبت تجربے کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔