گوگل کلاؤڈ نے ٹیک ویلی پاکستان کے تعاون سے پاکستان میں قومی سطح کے اسٹارٹ اپ مقابلے کا اعلان کیا ہے۔اس مقابلے کا مقصد پاکستان کے باصلاحیت نوجوانوں کو تلاش کرکے انہیں بااختیار بنانا ہے تاکہ وہ بھی خطے میں جدت اور ٹیکنالوجی کے میدان میں مرکزی اہمیت حاصل کرسکیں۔رپورٹ کے مطابق گوگل کلاؤڈ کا اسٹارٹ اپ کمپیٹیشن پاکستان 2024 پاکستان میں جدید کاروباری منصوبوں کی شناخت، نمائش اور فروغ دینے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
صنعت کے ماہرین، سرمایہ کاروں اور تجربہ کار کاروباری افراد پر مشتمل معزز ججوں کے پینل کے سامنے ملک بھر سے اسٹارٹ اپس کو شرکت کرنے اور اپنے اہم خیالات، مصنوعات یا خدمات پیش کرنے کے لیے مدعو کیا جاتا ہے۔اس حوالے سے گوگل پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر فرحان قریشی کا کہنا ہے کہ ملک میں ٹیلنٹ اور بھرپور مواقع موجود ہیں۔ اس پروگرام کے ذریعے ان کا مقصد اپنا کاروبار شروع کرنے والے پاکستانی نوجوانوں پر مشتمل اس جنریشن کو بااختیار بنانا ہے جو کلاؤڈ ٹیکنالوجیز سے مستفید ہو رہے ہیں۔
فرحان قریشی نے بتایا کہ مقابلے میں 5 ٹریک پیش کیے جائیں گے، جن میں اے آئی اینڈ جینریٹو اے آئی، Fintech، Frontier ، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، E-commerce & Connectivity، اور Sustainability & Environment شامل ہیں۔گوگل کلاؤڈ اسٹارٹ اپ کمپیٹیشن پاکستان 2024 کے بارے میں مزید معلومات کے لیے techvalley.pk/startupcompetitionپر جائیں اور مقابلے میں شرکت کے خواہشمند افراد اپنی درخواست جمع کراسکتے ہیں۔