اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے خصوصی صلاحیتوں کے مالک اور والدین کی نعمت سے محروم بچوں کے اعزاز میں افطار ڈنر دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے خصوصی بچوں سے ملاقات کی. شہباز شریف نے بچوں سے مل کر ان کی حوصلہ افزائی کی، وزیراعظم نے خوشگوارماحول میں خصوصی بچوں سے بات چیت بھی کی۔شہباز شریف نے کہا کہ افطار پارٹی کے مہمان خصوصی سب بچے، بچیاں ہیں، تمام بچے بہت قابل اور ذہین ہیں. انہوں نے خصوصی بچوں کوتحائف بھی دیئے۔وزیر اعظم نے کہا کہ جن بچوں کے سر پر ان کے والدین نہیں، ایس او ایس ان کے والدین کا کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماں باپ کا سر پر سایہ نہ ہونا بہت بڑی محرومی ہے، اسلام آباد، بلوچستان، کشمیر، گلگت بلتستان کے علاقوں میں دانش سکول بنائیں گے. دانش سکول سے بچوں کو مفت تعلیم ملے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ دانش سکولوں میں کھانا، کتابیں فری مہیا کی جائیں گی، دانش سکولوں میں بچوں کو بہترین معیاری تعلیم دی جائے گی۔شہباز شریف نے کہا کہ رمضان کی برکتیں اور رحمتیں سب مسلمانوں پر نازل ہو رہی ہیں. آپ کی میزبانی کر کے خوشی ہو رہی ہے. خصوصی صلاحیتوں کے مالک تمام بچے مختلف شعبوں میں پاکستان کی بھرپور خدمت کریں گے۔