حکومت نےسیلاب زدگان کے لیے وہ کچھ نہیں کیا، صدرآصف زرداری کے غیر ملکی دورے سے پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی۔ میاں محمد نوازشریف

وہ چارسدہ کے گورنمنٹ ڈگری کالج میں متاثرین سیلاب میں خوراک اور کمبل تقسیم کرنے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ نوازشریف نے کہا کہ ملک اس وقت جس نازک دور سے گزر رہا ہے ان حالات میں صدر زرداری عوام کو اکیلا چھوڑ کرغیرملکی دورے پر روانہ ہوئے، انہیں اس موقع پرملک میں موجود ہونا چاہیئے تھا۔ برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کے پاکستان مخالف بیان کے باوجود صدر زرداری نے برطانیہ کا دورہ کرکے ملک کو نیچا دکھایا ہے ۔ مسلم لیگ نون کے قائد نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ متاثرین سیلاب کے مسائل کو حل کرنے کے لیے حکومت کو جوکردارادا کرنا چاہیئے تھا وہ ادا نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب چاہے پنجاب میں ہو یا خیبرپختونخوا میں،مشکل کی اس گھڑی میں وہ سیلاب زدگان کے ساتھ ہیں اورروزانہ کی بنیاد پرمتاثرہ علاقوں میں امدادی اشیا بھجوائیں گے۔انہوں نے پارٹی ورکروں کوہدایت کی کہ وہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں اورمتاثرین کے مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کریں۔اس سے قبل اسلام آباد میں نوازشریف کی زیرصدارت مسلم لیگ نون کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں برطانوی وزیراعظم کے پاکستان مخالف بیان پر سخت احتجاج کیا گیا اورڈیوڈ کیمرون کے بیان کوحقائق کےمنافی قراردیا گیا۔نوازشریف کا کہنا تھا کہ جب جمہوری طریقےسےعوام کوحقوق نہیں ملتے تو وہ طاقت کا استعمال کرتے ہیں ، جس سے انتہا پسندی کو فروغ ملتا ہے ۔ 

ای پیپر دی نیشن