اسلام آباد میں قومی اسمبلی کے اجلاس میں کراچی کے حالات پر بحث کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے لیاری گینگ کے پانچ سو افراد کی فہرست ایوان میں پیش کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں ایک بھی مجرم گرفتار نہیں ہوا،شہرمیں مجرموں کی حکمرانی ہے، جرائم پیشہ افراد کے خلاف بلا تفریق کارروائی ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مفاہمت کے نام پر منافقت کی گئی ،کراچی میں پارلیمنٹ کا فیکٹ فائینڈنگ مشن بھیجا جائے ۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ کراچی کا امن دانستہ طور پرتباہ کیا جارہا ہے اور شہر میں خانہ جنگی کی سازش کی جارہی ہے۔انہوں نے کراچی میں ہونے والی ہلاکتوں کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شہر کو دہشتگردوں کےلئے ترنوالہ بنایا جارہا ہے۔ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے، حکمرانوں کو سوچنا چاہیے کہ اس طرح کے حالات سے بدامنی پھیلے گی ۔ انہوں نے واضح کیا کہ تنگ آمد بجنگ آمد کے تحت حکومت سے الگ ہوئے، اب حکومت میں واپس نہیں آئیں گے۔