استنبول (رائٹر + اے ایف پی + نوائے وقت رپورٹ) ترکی میں حکومت کے خلاف بغاوت کی بنا پر 55 جرنیلوں اور ایڈمرلز کو جبری ریٹائر کر دیا گیا ہے۔ سپریم ملٹری کونسل (یاس) کی ویب سائٹ پر جاری ہونے و الی رپورٹ کے مطابق کونسل کے چار روزہ اجلاس کے فیصلوں کی صدر عبداللہ گل نے منظور دے دی۔ ان میں سے 40 جرنیل حکومت کے خلاف بغاوت کی سازش کے الزام میں جیل میں بند ہیں۔ ایک ایڈمرل کو اس کی عمر پوری ہونے پر ریٹائر کیا گیا ہے۔ مقامی اخبار حریت کے مطابق 40 جرنیل اور ایڈمرلز پر ایک یہ بھی الزام ہے کہ انہوں نے وزیراعظم طیب اردگان کی حکومت گرانے کی کوشش کی۔ ”یاس“ نے سیکنڈ آرمی کے نئے کمانڈر کی تقرری بھی کی ہے جو کہ شام، ایران، عراق کی جانب سے کسی ممکنہ حملے کی نگرانی بھی کرے گا۔ ”یاس“ کا اجلاس بدھ کو شروع ہوا تھا جس میں مسلح افواج میں پروموشنز اور برطرفیوں کے معاملات کا جائزہ لیا گیا جس کے بعد یہ فیصلہ سامنے آیا۔ ویب سائٹ کے مطابق ان میں ایسے جرنیل بھی شامل ہیں جنہیں ان کے عہدوں کی اسامیاں نہ ہونے پر اور ایک ایڈمرل کو عمر پوری ہونے پر ریٹائر کیا گیا ہے۔