مکرمی! فیصل آباد میں ایک صنعتی ایریا پنجاب سمال انڈسٹریز اسٹیٹ کے نام سے بنایا گیا تھا۔ یہاں سینکڑوں فیکٹریاں اور کارخانے چل رہے ہیں ہزاروں مزدور یہاں کام کرتے ہیں مگر افسوس کہ پنجاب سمال انڈسٹریز اسٹیٹ کا علاقہ تمام بنیادی سہولتوں سے محروم ہے۔ پینے کا صاف پانی یہاں نہیں ہے مزدور طرح طرح کی بیماریوں میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔ جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر، روڑہ، سیمنٹ، مٹی اور خودرو جھاڑیاں نظر آئیں گی۔ تمام فیکٹریوں کے گٹر بند ہو چکے ہیں۔ سڑکوں پر پانی کھڑا ہے۔ آنے جانے کا راستہ نہیں ملتا۔ نمازی لوگ مسجد میں نہیں جا سکتے۔ اسٹیٹ کے کرتا دھرتا اور انتظامیہ ائرکنڈیشن کمروں میں بیٹھ کر سب اوکے کی رپورٹ دیتے ہوں گے۔ خدا کے لئے ایک دفعہ پنجاب سمال انڈسٹریز اسٹیٹ کا دورہ کریں۔ مین روڈ کے ساتھ ایک دو سڑکیں صاف نظر آئیں گی باقی تمام ایریا جنگل بن چکا ہے۔ یہاں ایک کینٹین مزدوروں کے لئے بنائی گئی تھی اب اس بلڈنگ میں ڈھور ڈنگر پھرتے ہیں۔ (فضل احمد بھٹی ،پوسٹ آفس کنڈان کلان ،تحصیل شاہ پور ،ضلع سرگودھا)