صدر مملکتِ ممنون حسین کا انتخاب بھی محمد نواز شریف نے خوب کیا لیکن پنجاب کے گورنر چوہدری محمد سرور کا انتخاب خوب تر ہے جو آج گورنر ہاﺅس میں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے ہاتھوں اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ چوہدری محمد سرور بے شک برطانوی پارلیمنٹ کے بہت سرگرم ممبر رہے لیکن ان کا دل خالص پاکستان کیلئے دھڑکتا ہے۔ ہمیشہ پاکستان کی بہتری اور ترقی کیلئے اقدام کئے۔ انہیں علم ہے کہ پاکستان کے دو مسائل بہت اہم ہیں پہلا اہم مسئلہ تعلیم اور دوسرا صحت ہے۔ گورنر بننے سے پہلے چوہدری محمد سرور نے ٹوبہ ٹیک سنگھ اور ساہیوال میں دو ہسپتال بنائے ہوئے ہیں جہاں غریبوں کا مفت علاج کیا جاتا ہے۔ چوہدری محمد سرور سے اکثر ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں ان کا وژن بہت صاف ہے ۔یہی سبب ہے کہ نئے گورنر نے بالکل صاف لفظوں میں کہا ہے کہ بہت جلد ہر بچہ بنیادی تعلیم حاصل کرنے کے قابل ہو جائے گا۔ برطانیہ میں سابق وزیراعظم گورڈن براﺅن سے میری اس موضوع پر بات چیت ہوئی ہے یقین کریں تعلیم کے شعبہ میں پاکستان کو اس کی ضرورت سے زیادہ رقم دستیاب ہے۔ تمام عالمی ادارے جو پاکستان سے تعلقات ”فریز“ کر کے بیٹھے ہوئے تھے وہ اب والہانہ انداز میں آگے آ رہے ہیں۔ پاکستان کی کمزور معاشی صورتحال کو دیکھتے ہوئے عالمی مالیاتی ادارے بھرپور امداد دے رہے ہیں، اسلامی بینک بھی پاکستان کو 750 ملین یورو دینے پر رضامند ہے جبکہ کھاد اور پٹرولیم مصنوعات کی درآمد کیلئے 150 ملین یورو الگ ملیں گئے۔ ٭(محمد مصدق)٭