لاہور (خبر نگار) پنجاب حکومت اور چین کی توانائی سیکٹر کی معروف کمپنی زیڈ ٹی ای کے مابین سولر پاور پلانٹ لگانے کے لئے تعاون کے معاہدے پرگذشتہ روز دستخط ہوئے۔ تقریب میں وزیراعلیٰ شہباز شریف، سیکرٹری توانائی، چینی کمپنی کے صدر یو یانگ اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے سیکرٹری توانائی اور چینی کمپنی زیڈ ٹی ای کی جانب سے ان کے نائب صدر نے معاہدے پر دستخط کئے۔ معاہدے کے تحت چینی کمپنی 500 میگاواٹ کا سولر پاور پلانٹ لگائے گی۔ چینی کمپنی ابتدائی طور پر تین سو میگاواٹ کا سولر پاور پلانٹ لگائے گی جس میں بعد میں توسیع کر کے 5سو میگاواٹ تک بڑھایا جائے گا۔ زیڈ ٹی ای سولر پاور پلانٹ قائداعظم سولر پارک چولستان میں لگائے گی۔ چینی کمپنی ایک برس کے اندر سولرپاور پلانٹ کا پراجیکٹ مکمل کرے گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ( ن) کی حکومت توانائی بحران کے حل کے لئے برق رفتاری سے اقدامات اٹھا رہی ہے اور توانائی سیکٹر سے وابستہ متعدد چینی کمپنیوں کے ساتھ توانائی کے حصول کے منصوبے شروع کرنے کے لئے معاہدے طے پا رہے ہیں، جن پر عملدرآمد کے لئے انتہائی برق رفتاری سے تمام مراحل طے کئے جائیں گے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کے دورہ چین کے بعد چینی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کی پاکستان آمد خوش آئند ہے اور چین کی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کی جانب سے توانائی سیکٹر میں سرمایہ کاری خوش آئند ہے۔ چین پاکستان کا انتہائی بااعتماد اور بہترین دوست ملک ہے جس نے ہر مشکل کی گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے، چین کا توانائی سیکٹر میں بے پایاں تعاون بھی پاک چین دوستی کی لازوال مثال ہے۔ چین کی کمپنی چائنہ ہاربر انجینئر نگ کے ساتھ گزشتہ روز توانائی اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں تعاون کے لئے 5مفاہمی یاد داشتوں پر دستخط ہوئے جبکہ زیڈ ٹی ای کے ساتھ سولر پاور پلانٹ لگانے کے حوالے سے معاہدہ ہوا ہے۔ یہ تمام معاہدے اس امر کی وکالت کرتے ہیںکہ پاکستان اور چین کی دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندر سے گہری اور شہد سے میٹھی ہے۔ سابق حکمرانوں نے توانائی شعبہ کو نظرانداز کرکے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا، یہی وجہ ہے کہ آج ملک وقوم اندھیر ے میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے توانائی بحران سے نجات دلانے کا قوم سے وعدہ کیاہے جسے ہر صورت پورا کیا جائے گا۔ بعدازاں وزیراعلی محمد شہباز شریف نے چینی کمپنی زیڈ ٹی ای کے وفد کے ارکان کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔ دریں اثناءشہباز شریف نے کہا ہے کہ توانائی کے بحران نے معاشی و تجارتی سرگرمیوں پر گہرے منفی اثرات مرتب کئے ہیں اور حکومت پہلے ہی روز سے توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔ توانائی ہو گی تو بیرونی سرماےہ کار ی آئے گی اور ملک خوشحال ہوگا۔ حکومت پنجاب نے توانائی کے حصول کے منصوبوں پر تیز رفتاری سے آگے بڑھنے کے لئے جامع روڈ میپ مرتب کر لیا ہے جس پر برق رفتاری سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ چولستان میں 75سو ایکٹر اراضی پر قائد اعظم سولر پارک کا سنگ بنیاد جلد رکھا جا ئے گا جس سے نہ صرف سولر توانائی کے شعبے میں انقلاب برپا ہوگا بلکہ غیر ملکی سرماےہ کارو ںکو بھی تمام سہولتیں میسر ہوںگی۔ وہ چائنہ کی معروف کمپنی ”زیڈ ٹی ای سولر چائنہ “کے وفد سے بات چیت کر رہے تھے جس نے کمپنی کے صدر مسٹر یو یانگ کی سربراہی میں ان سے ملاقات کی۔ سیکرٹری توانائی اور متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ شہباز شریف نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ توانائی کے بحران کے حل سے بڑھ کر اور کوئی ترجیح نہیں ہو سکتی اور ےہی وجہ ہے کہ ہمارا ہر قدم اس بحران کے حل کی جانب تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ ہم نے صوبے میں توانائی کے شعبے میں سرماےہ کاری کے لئے ساز گار ماحول پیدا کیا ہے جس کی بنا پر غیر ملکی کمپنیاں توانائی کے شعبے میں بھر پور تعاون کر رہی ہیں۔ پنجاب حکومت نے طویل مشاورت اور ماہرین کی آراءکی روشنی میں سولر، بائیو ماس، بائیو گیس، بیگاس، ہا ئیڈل اور کوئلے سے توانائی کے حصول کا جامع روڈ میپ تیار کیا ہے اور توانائی کے منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد کے لئے ایک علیحدہ ”انرجی سیکرٹریٹ“ بھی قائم کیا جا رہا ہے جبکہ پالیسی فریم ورک اور قواعد وضوابط مرتب کرنے کے لئے صوبائی انرجی کمیشن بھی تشکیل دیا جا رہا ہے۔ چین پاکستان کا با اعتماد دوست ہے جس نے ہر مشکل کی گھڑی میں پاکستان کی بھرپور مدد کی ہے اور اب توانائی کے بحران میں بھی چین کا کردار قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعدد چینی کمپنیوں سے سولر اور کوئلے سے بجلی کے منصوبے شروع کرنے کے حوالے سے تعاون کے معاہدے کئے گئے ہیں جنہیں جلد پاےہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ زیڈ ٹی ای سولر چائنہ کا شمار چین کی معروف کمپنیوں میں ہوتا ہے، وہ پنجاب میں سولر توانائی کے شعبے میں 5سو میگا واٹ کا پلانٹ ایک سال میں لگانے کی تجویز کا جائزہ لے اور اس ضمن میں فنانشل ماڈل پیش کرے۔ انہوں نے سیکرٹری توانائی کی سربراہی میں ٹیم کو چین کی کمپنی سے سولر توانائی کے شعبے میں تعاون کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ زیڈ ٹی ای سولر چائنہ کے صدر مسٹر یویانگ نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا وہ پاکستان بالخصوص پنجاب میں سولر توانائی کے شعبے میں تعاون پر دلچسپی رکھتے ہیں اور اس ضمن میں متعلقہ افسران سے مل بیٹھ کر لائحہ عمل کو حتمی شکل دیں گے۔ دریں اثناءشہباز شریف نے جگر کے عارضہ میں مبتلا 20 سالہ نعمت اللہ کے حوالے سے میڈیا پر نشر ہونے والی رپورٹ کا نوٹس لیتے ہوئے نعمت اللہ کے علاج معالجہ کیلئے مالی معاونت کی فراہمی کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے نعمت اللہ کے علاج معالجے کیلئے فوری میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔ دریں اثناءشہباز شریف نے ممتاز محقق، نقاد اور سکالر ڈاکٹر فرمان فتح پوری کے انتقال پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مرحوم کی ادبی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ لاہور سے سٹاف رپورٹر کے مطابق وزیراعلیٰ شہباز شریف کل بروز منگل ریلوے ہیڈکوارٹر کا دورہ کرینگے۔ وزیراعلیٰ کے دورے کے دوران انہیں ریلوے افسران کی جانب سے بریفنگ دی جائے گی جبکہ نئی حکومت آنے کے بعد ریلوے میں آنے والی بہتری کے متعلق بھی آگاہ کیا جائے گا۔ ریلوے افسران کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب سے ریلوے میں موجود انجنوں کی کمی، ریلوے کراسنگ کے مسائل میں مدد کی درخواست بھی کی جائے گی۔
شہباز شریف