حافظ آباد (نمائندہ نوا ئے وقت) جماعت اہلسنت حافظ آباد کے بزرگ رہنما اور ممتازعالم دین حافظ شیخ مبارک علی گزشتہ روز مدینہ منورہ شریف میں دوران اعتکاف انتقال کر گئے۔ مسلم کالونی ریلوے روڈ کے رہائشی حافظ شیخ مبارک علی گزشتہ کئی برسوں سے ہر سال مسجد نبوی میں رمضان المبارک کے دوران اعتکاف بیٹھتے تھے۔ مرحوم کے انتقال کی خبر ملتے ہی یہاں مسلم کالونی میں واقع ان کی رہائش گاہ پر شہریوں کا تانتا بندھ گیا۔