اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت ہوا۔ نکتہ اعتراض پر خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس 12؍اگست کو ختم نہ کیا جائے۔ آرٹیکل 245 اہم ہے اس پر بحث ہونی چاہئے اجلاس نہ ہو تو بات گلی کوچوں تک پہنچ جاتی ہے۔ حکومت پریشان نہ ہو جو ہو گا بہتر ہو گا۔ پوری قوم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑی ہے، حکومت او آئی سی کا اجلاس طلب کرے۔ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ امت کا مسئلہ ہے پوری دنیا کو پیغام دینا چاہئے کہ پاکستان مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کرتا ہے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر سے پیر کی شام چار کی بجائے ساڑھے پانچ پر نماز عصر کے بعد تلاوت کلام پاک سے شروع ہوا۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قومی اسمبلی کے 14 ویں سیشن کے لیے پینل آف چیئر کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کی عدم موجودگی میں اراکین قومی اسمبلی محمد پرویز ملک، ڈاکٹر طارق فضل چودھری، چودھری بشیر ورک، نواب یوسف تالپور، اقبال محمد علی اور صاحبزادہ طارق اللہ اجلاس کی صدارت کریں گے۔ تحریک انصاف کے ارکان سیاہ پٹیاں باندھ کر اجلاس میں شریک ہوئے۔ عید کے دوران مری میں صحافیوں کو تشدد کا نشانہ بنانے پر پارلیمانی گیلریوں سے صحافیوں نے واک آؤٹ کیا۔ ایم کیو ایم کی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فوزیہ حمید نے رکنیت کا حلف اٹھایا۔ نکتہ اعتراض پر پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ جو شخص آئین کو چھیڑے اس کے خلاف بغاوت کا مقدمہ ہونا چاہئے، جمہور‘ آئین اور پارلیمنٹ کے تحفظ کیلئے فرنٹ بنانا ہو گا ‘ پاکستان خود غزہ بن چکا ہے‘ کسی کے باپ میں طاقت نہیں کہ پھانسیاں دے‘ ہمیں یہ حکمت عملی طے کرنی چاہئے کہ آئین توڑنے والے غدار ہیں۔ فلسطین کے ایشو پر ہم سب ایک ہیں مگر ہمارا ملک خود غزہ کا منظر پیش کر رہا ہے۔ پارلیمنٹ اعلان کرے کہ وہ آئین چھیڑے جانے پر بغاوت کر دے گی۔ ہمارے جمہوری نظام کو لوگوں نے مذاق بنا رکھا ہے۔ جمہور‘ آئین اور پارلیمنٹ کے تحفظ کیلئے فرنٹ بنانا ہو گا جو اس کی حمایت میں ہیں ایک طرف آ جائیں جو پارلیمنٹ کی طاقت کے خلاف ہے دوسری طرف چلے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی کے باپ میں جرات نہیں کہ کسی کو پھانسیاں دے‘ غیر جمہوری‘ غیر آئینی پاکستان میں ایک دن رہنے کو تیار نہیں ہوں۔ پارلیمنٹ پر شب خون مارا گیا تو اس ملک میں نہیں رہونگا۔ جس جماعت کو جہاں پر مینڈیٹ ملا ہے اس کا احترام کیا جائے، ہمیں آئین، جمہوریت اور پارلیمنٹ کے دفاع کیلئے ہراول دستے کا کردار ادا کرنا ہو گا، ہم نے بڑی جدوجہد سے آئین بنایا۔ اگر کسی نے پھر ملک کے آئین کو چھیڑا تو ہم بغاوت کر دینگے۔ ہمیں آئین، جمہوریت اور پارلیمنٹ کے دفاع کیلئے ایک فرنٹ بنانا ہو گا جو اسے نہیں مانتا اسے الگ ہو جانا چاہئے۔ 20 کروڑ انسانوں سے مذاق کیا جا رہا ہے۔ عبدالرحیم مندوخیل نے کہا کہ گزشتہ دور میں بھی ایک شاہ سوار کینیڈا سے سوار ہوکر آیا تھا ایک مرتبہ پھر لوگ ایسی ہی تیاری کر رہے ہیں، پارلیمنٹ اور جمہوریت کے دفاع اور استحکام کیلئے ہمیں منظم انداز اختیار کرنا ہو گا۔ پارلیمنٹ کے وجود کے بارے میں طرح طرح کی باتیں کی جا رہی ہیں جو بغاوت کے زمرے میں آتی ہیں۔ پارلیمنٹ اور جمہوریت کے دفاع کیلئے ہمیں بھی منظم انداز اختیار کرنا ہو گا۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق‘ رکن اسمبلی جمشید دستی اور شیخ رشید میں دلچسپ مکالمہ ہوا‘ شیخ رشید اجلاس کا بائیکاٹ کر کے چلے گئے۔ اجلاس کے دوران ایک موقع پر جمشید دستی نے بغیر مائیک بولنا شروع کر دیا تو سپیکر نے روک دیا جس پر جمشید دستی نے کہا کہ مجھے ہتھکڑیاں لگوا دیں جس کا برجستہ جواب دیتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ اتنا اچھا کام میں نہیں کر سکتا۔ سپیکر نے وقفہ سوالات شروع کیا تو شیخ رشید نے کہاکہ میں بائیکاٹ کرتا ہوں جس کا بھی برجستہ جواب دیتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ ٹھیک ہے شیخ صاحب جس کے بعد شیخ رشید ایوان سے بائیکاٹ پر چلے گئے۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ ڈاکٹر شیریں مزاری کو دھمکی دینا قابل قبول نہیں اس حوالے سے تحریری طور پر آگاہ کیا جائے، کارروائی کرینگے۔ نکتہ اعتراض پر ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ گزشتہ روز ایک ایس ایم ایس کے ذریعے انہیں گرفتار کرنے کی دھمکی دی گئی۔ اس شخص کیخلاف کارروائی کی جائے، یہ ہمارے لئے قابل قبول نہیں ہے۔ جشن آزادی کی تقریبات 96 فیصد ارکان قومی پرچم والے بیج لگائے بغیر اجلاس میں آئے۔
اسلام آباد (آئی این پی) قومی اسمبلی کو حکومت نے بتایا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت آئندہ 5 سال کے دوران 23 ہزار میگا واٹ اضافی بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کرے گی 18ہزار 564 میگا واٹ کے پیداواری منصوبے 30 جون 2014ء کو مکمل ہو جائیں گے، سعودی عرب میں فوج بھیجنے کا کوئی معاہدہ نہیں کیا گیا۔ آئی ایس پی آر نے وضاحت کر دی ہے، سعودی عرب نے پاکستان سے کوئی ایسا مطالبہ نہیں کیا جو پاکستانی مفادات سے ٹکرائو رکھتا ہو، پاکستان سعودی مسلح افواج کو تربیت فراہم کرتا آیا ہے اب تک 8 ہزار 255 سعودی فوجی اہلکاروں کو تربیت دی گئی ہے، ماضی میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان فوجی تعاون اور تربیت کے 3 معاہدے کئے گئے۔ گزشتہ پانچ سال کے دوران پاکستان نے 1952 بھارتی قیدیوں کو رہا کیا، بھارتی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی تعداد 486 ہے۔ لیبیا میں 18ہزار پاکستانیوں میں سے صرف 3ہزار نے انخلا میں مدد کی اپیل کی، ہمارا مشن ان کے انخلاء کے اقدامات کر رہا ہے اب تک 600پاکستانی تیونس کے راستے واپس آ چکے۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے عائشہ سید کے سوال کے جواب میں کہا کہ 234 پاکستانی منشیات کی سمگلنگ کے الزام میں جیلوں میں بند ہیں جبکہ 109 ایرانی پاکستانی جیلوں میں بند ہیں، تہران میں ہمارا مشن پاکستانی قیدیوں کی رہائی کے لئے اقدامات کر رہا ہے۔ وزارت خارجہ کی اپیل پر ایران کی حکومت نے ان قیدیوں کی سزائوں پر عملدرآمد روک دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیبیا میں 18لاکھ پاکستانیوں میں سے صرف 3ہزار نے ہمارے سفارت خانے سے انخلاء کرانے کا مطالبہ کیا ہے، مشن ان کے انخلاء کے لئے کام کر رہا ہے۔ 600 کے قریب پاکستانی تیونس کے راستے واپس آ چکے ہیں۔ وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض پیرزادہ نے کہا کہ کرکٹ کنٹرول بورڈ کا تنازعہ حل کرا لیا گیا ہے۔ جسٹس ثائر علی کو الیکشن کمشنر بنا دیا گیا جبکہ وزیر اعظم نے انتخابات کے لئے شہریار کو نامزد کر دیا ہے، ایک ماہ کے اندر منتخب صدر پی سی بی سامنے آ جائے گا۔ صاحبزادہ یعقوب کے سوال کے جواب میں سرتاج عزیز نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ برادرانہ اور دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔ دونوں ممالک اپنے سٹریٹجک معاملات کو اہمیت دیتے ہیں ۔ سعودی عرب نے ہر بحران میں پاکستان کی اقتصادی امداد کی ہے۔ سعودی عرب کی پاکستان کے لئے اہمیت کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ یہ ملک پاکستانی تارکین وطن کی سب سے بڑی تعداد اندازاً 15لاکھ کا گھر ہے جو ترسیلات زر کا ایک بڑا ماخذ ہیں، دونوں ملکوں کی تجارت میں توازن سعودی عرب کے حق میں ہے جس کی بڑی وجہ تیل کی درآمد ہے، سعودی عرب سے سالانہ 3 ارب 40کروڑ ڈالر کا تیل درآمد کیا جاتا ہے۔ وزیر تجارت خرم دستگیر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بجلی کی پیداوار کے مختلف منصوبے شروع کئے ہیں، 30 جون 2018ء تک حکومت متعدد منصوبوں کی تکمیل سے 18ہزار 564 میگا واٹ کی اضافی پیداوار نیشنل گرڈ میں شامل کر دے گی، جس سے بجلی کی مجموعی پیداوار 30ہزار 564میگاواٹ ہو جائے گی۔ حکومت اپنے پانچ سال مکمل ہونے تک مزید 6ہزار میگا واٹ نیشنل گرڈ میں شامل کرے گی، اس طرح ہماری حکومت 5سال میں مجموعی طور پر 23ہزار میگا واٹ اضافی بجلی سسٹم میں شامل کرے گی۔ سید نوید قمر کے سوال کے جواب میں وزیر تجارت کی جانب سے تحریری جواب میں ایوان کو آگاہ کیا گیا کہ وزارت تجارت ملک کے سرکاری اور نجی سیکٹروں کے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت میں ہے تا کہ بھارت کے ساتھ تجارت سے ہماری زراعت اور صنعت کو یکساں مواقع کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے طریقہ کار واضح کیا جائے۔ اس عمل کی تکمیل کے بعد ہی بھارت کو پسندیدہ ترین ملک کا درجہ دینے کا معاملہ کابینہ کو پیش کیا جائے گا۔ چوہدری شہباز بابر کے سوال کے جواب میں مشیر خارجہ نے کہا کہ جولائی 2014ء کو قیدیوں کا تبادلہ فہرست کے مطابق بھارتی جیلوں میں 380 پاکستانی قیدی ہیں تاہم ہمارے دعوے کے مطابق یہ تعداد 486ہے جبکہ پاکستانی جیلوں میں 296بھارتی قیدی ہیں گزشتہ پانچ سالوں میں پاکستان نے 1952 بھارتی قیدیوں کو رہا کیا ہے جن میں 75سول اور 1877ماہی گیر شامل ہیں۔