لاہور: عارضہ قلب میں مبتلا ہونہار طالب علم دانیال انتقال کر گیا

Aug 05, 2014

لاہور (این این آئی، نوائے وقت رپورٹ) دل کے عارضہ میں مبتلا ہونہار طالب علم دانیال تنویر علاج کیلئے بھارت روانگی سے قبل ہی آخرت کے سفر پر روانہ ہو گیا، دانیال تنویر نے علاج کے لئے بھارت روانگی سے قبل وزیراعلیٰ شہباز شریف اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا تھا اور عمران خان نے ایک روز قبل ہی اس سے ملاقات کی تھی۔ تفصیلات کے مطابق تاج باغ سکیم کے رہائشی طالب علم دانیال تنویر نے دل کے عارضہ میں مبتلا ہونے کے باوجود میٹرک کے امتحانات میں 902 نمبر حاصل کر کے پورے شہر کی توجہ اپنے جانب مبذول کرا لی تھی۔ دانیال تنویر کے دل کے عارضہ میں مبتلا ہونے کی اطلاع میڈیا پر آنے کے بعد اسکے علاج کے لئے شہر کی صاحب ثروت شخصیات نے ایک کروڑ روپے کے عطیات دیئے اور اس نے بدھ کے روز آپریشن کے لئے بھارت روانہ ہونا تھا جسکے لئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی تھیں۔ گذشتہ روز اسکے ناتواں دل میں اچانک شدید درد ہوا اور اس نے کام کرنا چھوڑ دیا۔ دانیال کو گذشتہ شام تاج باغ قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں عبدالعلیم خان، خواجہ سلمان رفیق اور سینکڑوں شہریوں نے شرکت کی۔  وزیراعلیٰ کے مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق بھی سینئرز ڈاکٹرز کے ہمراہ دانیال تنویر کے گھر گئے تھے۔ عمران خان نے دانیال کی خواہش پر اتوار کے روز اسکی رہائشگاہ پر جا کر اس سے نہ صرف ملاقات کی بلکہ اسکے اہلخانہ کو ایک لاکھ روپے کی نقد امداد بھی دی اور علاج معالجے کے دوران بھی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ بتایاگیا ہے گذشتہ روز دانیال تنویر کو سینے میں شدید تکلیف محسوس ہوئی اور وہ اسی دوران خالق حقیقی سے جا ملا۔ دانیال تنویر کے انتقال کی خبر سے پورا شہر سوگوار ہو گیا۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، مخدوم جاوید ہاشمی نے طالب علم دانیال کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے دعائے مغفرت کی۔
طالب علم دانیال

مزیدخبریں