لاہور (نامہ نگار) جنرل ہسپتال میں بچہ تبدیل کر کے بیٹے کی جگہ بیٹی حوالے کرنے کے خلاف متاثرہ خاندان اور اہل علاقہ نے گذشتہ روز لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق مصطفی آباد للیانی کی رہائشی حنا عابد کے ورثاء نے الزام عائد کیا کہ 2 اگست ہفتے کو جنرل ہسپتال میں حنا عابد کے ہاں بیٹا پیدا ہوا جسے مبینہ طور پر ہسپتال انتظامیہ نے تبدیل کر کے بیٹی ان کے حوالے کر دی۔ اس موقع پر مظاہرین نے ہسپتال انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ ان کا بیٹا انہیں واپس دلایا جائے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ مظاہرے میں درجنوں خواتین، بچے اور مرد شامل تھے۔ اس موقع پر خواتین روتی اور سینہ کوبی بھی کرتی رہیں جبکہ سڑک کے کنارے متاثرہ ماں غم میں نڈھال بیٹھی رہی۔
ورثاء کا مظاہرہ