اسلام آباد (آن لائن) ایف بی آر کو جولائی میں ٹیکس وصولیوں میں 10 ارب روپے خسارے کا سامنا کرنا پڑا، 159 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں 148 ارب 98 کروڑ روپے کی وصولیاں کی گئیں۔ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 28 فیصد کم وصولیاں ہوئیں۔ ذرائع نے بتایا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے جولائی کے دوران انکم ٹیکس کی مد میں 34.8 فیصد اضافے کے 62 ارب 18 کروڑ 40 لاکھ روپے، سیلز ٹیکس 3.5 فیصد اضافے کے ساتھ 74 ارب 39 کروڑ 40 لاکھ روپے، کسٹم ڈیوٹی کی مد میں 28.1 فیصد اضافے کے ساتھ 22 ارب 59 کروڑ 80 لاکھ روپے کی وصولیاں کیں جبکہ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی وصولی میں 28.1 فیصد کمی آئی اور اس کا حجم 4 ارب 47 کروڑ 30 لاکھ روپے رہا۔ واضح رہے ایف بی آر نے مالی سال 2015-16 کا 3102 ارب روپے کا ہدف پورا کرنے کے لیے جولائی میں 20 فیصد اضافے کے ساتھ 159 ارب روپے کی وصولیاں کرنا تھیں لیکن اس کے برعکس گزشتہ ماہ 11 فیصد اضافے کے ساتھ 148 ارب 98 کروڑ روپے کی وصولیاں ہوئیں۔ یوں ایف بی آر کو رواں مالی سال کے پہلے ماہ کے دوران 10 ارب روپے سے زائد ریونیو خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔