اسلام آباد (این این آئی)آڈیٹر جنرل آف پاکستان رانا اسد امین نے آڈیٹر جنرل آف گلگت بلتستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ حلف برداری کی سادہ مگر پُروقار تقریب سپریم اپیلیٹ کورٹ گلگت میں منعقد ہوئی۔ قائم مقام چیف جسٹس سپریم اپیلیٹ کورٹ آف گلگت بلتستان جسٹس راجہ جلال الدین نے حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب میں صوبائی وزراء ڈاکٹر محمد اقبال، فرمان علی، چیف سیکرٹری جی بی طاہر حسین، رجسٹرار چیف کورٹ ممتاز احمد، ڈی جی پی آر، جی بی کے علاوہ دوسرے اہم محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ گلگت بلتستان گورننس آرڈز 2009ء کے تحت آڈیٹر جنرل آف پاکستان ہی آڈیٹر جنرل آف گلگت بلتستان کا عہدہ سنبھالتا ہے۔ حلف لینے کے بعد رانا اسد امین نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حفیظ الرحمن سے ملاقات کی اور جی بی میں آڈٹ سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع یقین دلایا کہ وہ جلد ہی پبلک اکائونٹس کمیٹی کا قیام عمل میں لائیں گے اور تمام محکموں میں شفافیت کو یقینی بنائیں گے۔
آڈیٹر جنرل آف پاکستان رانا اسد امین نے گلگت بلتستان کے اسی عہدے کا بھی حلف اٹھا لیا
Aug 05, 2015