افضل خان کو بے قاعدگیوں کا ذمہ دار نہیں ٹھہرا سکتے‘چیف الیکشن کمشنر کیخلاف بے بنیاد الزامات پر کارروائی ہوگی، کمشن حکام

Aug 05, 2015

اسلام آباد (خبرنگار) الیکشن کمشن کے سابق ایڈیشنل سیکرٹری محمد افضل خان کیخلاف جوڈیشل کمشن کی رپورٹ کی روشنی میں دھاندلی کا ذمہ دار ٹھہرا کر کارروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی۔ الیکشن 2013ء میں ہونیوالی بے قاعدگیوں کے ذمہ دار صرف محمد افضل خان کو نہیں ٹھہرایا جاسکتا۔ انکے خلاف کارروائی سابق چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمشن کے ممبران پر بے بنیاد الزامات لگانے پر کی جائیگی۔ الیکشن کمشن کے ایک اعلیٰ افسر نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محمد افضل خان کی طرف سے الیکشن کمیشن پر آئے روز الزامات کے بعد الیکشن کمشن کے ممبران نے چیف الیکشن کمشنر پر دبائو ڈالا کہ محمد افضل کی طرف سے الیکشن کمشن پر آئے روز بے بنیاد الزامات لگائے جاتے ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں اسلئے محمد افضل خان کیخلاف کاروئی کی جائے۔ الیکشن کمشن کے ممبران کی طرف سے یہ دبائو گزشتہ روز اسوقت بڑھ گیا جب محمد افضل خان نے ایک پرائیویٹ ٹی وی چینل پر ایک مرتبہ پھر الیکشن کمشن اور بالخصوص الیکشن کمشن کے ممبر جسٹس (ر) ریاض کیانی پر الزامات کی بوچھاڑ کردی جس کے بعد جسٹس(ر) ریاض کیانی نے الیکشن کمشن کی طرف سے جاری اعلامیہ میں محمد افضل خان کیخلاف فوجداری اور سول مقدمات دراج کرانے کا اعلان کیا۔

مزیدخبریں