اسلام آباد(اے این این)آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم بیرسٹرسلطان محمود چوہدری اور لارڈ نذیر احمد نے کہا ہے کہ مودی کے دورہء برطانیہ کے دوران ویمبلے سینٹر کوخط لکھیں گے کہ مودی چونکہ گجرات میں مسلمانوں کے ریاستی قتل میں ملوث رہا ہے لہذا انہیں ویمبلے سینٹر میں خطاب نہ کرنے دیا جائے۔ اسی طرح 15 اگست کو لندن میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے کشمیری احتجاجی مظاہرہ کرکے دنیا کی توجہ مبذول کرانے کے ساتھ ساتھ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار دونوں رہنمائوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لارڈ نذیر احمد نے کہا کہ میں پاکستان کو اپنا ایمان سمجھتا ہوں،اسکے خلاف کوئی بات ہو تو دکھ ہوتا ہے۔ الطاف حسین پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کر رہے ہیں، اس سلسلے میں برطانوی حکومت سے بات کرونگا۔ پہلے بھی عمران خان اور ذوالفقار مرزا کے ساتھ ملکر برطانوی حکومت کو الطاف حسین کے خلاف ثبوت دے چکا ہوں۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور پاک فوج کو سلام پیش کرتا ہوں۔ بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ ہم بین الاقوامی فورم پر مسئلہ کشمیر کو اٹھاتے رہیں گے۔ 15 اگست کو مودی کے دورئہ برطانیہ کو ناکام کرنے کے لئے بھی کام کریں گے۔
مودی کا ویمبلے سنٹر میں خطاب روکنے کیلئے برطانیہ کو خط لکھیں گے: لارڈ نذیر، بیرسٹر سلطان
Aug 05, 2015