پشاور (نیٹ نیوز) افغان طالبان گروہوں میں مصالحت کی کوششیں تیز کردی گئی ہیں اور سرکردہ رہنمائوں نے مختلف دھڑوں سے ملاقاتیں کی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملا عمر کی وفات کے بعد قیادت کے معاملہ پر طالبان میں اختلافات نے سراٹھایااور قیادت کے لئے مختلف نام سامنے آئے جن میں ملاعمر کے صاحبزادے ملا یعقوب اور ملا محمد اختر منصور کے نام شامل تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملامحمد اختر منصور کے طالبان کے نئے امیر بننے کے بعد بھی یہ اختلافات ختم نہیں ہوئے۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ سامنے آنے والے اختلافات کے بعد طالبان گروہوں میں مصالحت کی کوششیں تیز کردی گئی ہیں۔ مشہور افغان عالم دین ملا ترابی نے ملا محمد اختر منصور سے ملاقات کی ہے اس کے علاوہ انہوں نے ملاعمرکے بیٹے ملایعقوب کے گروپ سے بھی ملاقات کی اور ان سے اختلافی امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔