سیلاب روکنے کیلئے پوری قوت سے کام ہونا چاہئے‘ نوازشریف: متاثرین سندھ کو ایک ارب امداد دینے کا اعلان

گھوٹکی/ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم نوازشریف نے سندھ حکومت کو سیلاب زدگان کی مدد کیلئے ایک ارب روپے امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے گھوٹکی آئے ہیں۔ ریلیف کے اقدامات درست ہیں لیکن اب ساری توجہ سیلابوں کو روکنے پر ہونی چاہئے۔ ہم نے پورے علاقے کا فضائی اور زمینی جائزہ لیا۔ قائم علی شاہ اور ان کی حکومت سیلاب زدگان کی بھرپور مدد کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا سیلاب متاثرین سے بھرپور ہمدردی ہے۔ متاثرین کو خیمے اور کھانے پینے کی اشیاء فراہم کی جا رہی ہیں۔ خوش ہوں کہ بے گھر افراد کی دیکھ بھال میں کوئی کمی نہیں۔ اس سے قبل وزیراعظم نواز شریف گھوٹکی پہنچے ان کے ہمراہ وزیراعلیٰ سندھ اور دیگر حکام تھے۔ وزیراعظم کو سیلاب کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے سیلاب زدگان میں امدادی اشیاء بھی تقسیم کیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ قومی مسائل پر مشاورت سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ تمام سیاسی جماعتوںکے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کراچی کی روشنیاں واپس لوٹ رہی ہیں۔ اقتصادی راہداری سے پورے خطے میں معاشی انقلاب آئے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو بڑے چیلنجز کا سامنا ہے ، ہم قومی مفادکی خاطر تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے میں یقین رکھتے ہیں اس سلسلے میں قومی مسائل پر وسیع تر مشاورت سے آگے بڑھ رہے ہیں اور ہم تمام سیاسی جماعتوں کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں، پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی راہ میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کرینگے۔ وزیراعظم ہاؤس میں مسلم لیگ(ن) خیبر پی کے کے عہدیداران سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ جلد پاکستان کو اندھیروں سے نجات دلائیں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہاکہ ضرب عضب آپریشن سے سکیورٹی کی صورتحال بہتر ہوئی ہے اور کراچی آپریشن بھی کامیابی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ کراچی کی روشنیاں لوٹ رہی ہیں۔ این این آئی کے مطابق وزیراعظم نے سندھ میں سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے 100کروڑ روپے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاق اور صوبوں کو ملکر سیلابوں کو روکنے کیلئے اقدامات اٹھانے چاہئیں، سیلابوں کو کیسے روکنا ہے پوری قوت کے ساتھ کام ہونا چاہئے، صوبائی حکومت، وزیراعلیٰ، صوبائی وزراء اور مقامی انتظامیہ متاثرین کی دیکھ بھال کیلئے دن رات کوشاں ہیں، وفاقی حکومت بھی متاثرین کی بہتری کیلئے کوششیں کرتے رہیں گی، ذااتی طورپر خود بھی آتا جاتا رہونگا، وزیراعلیٰ قائم علی شاہ کے ساتھ ملکر صوبے کے عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ان کی حکومت نے بلوچستان میں ترقی کو ترجیح دے رکھی ہے کیونکہ صوبہ ملک کی ترقی میں مرکزی کردار کا حامل ہے۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبوں سے بلوچستان کو بہت زیادہ فائدہ ہو گا۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...