مانگا منڈی(نامہ نگار)سندر میں مبینہ طور پر فیکٹری کے آلودہ پانی سے بچوں میں ہاتھ اور پائوں کی ہڈیاں ٹیڑھی ہونے کے بیماریاں پھیلنے لگیں ۔متاثرہ بچوں کے مکینوں کا فیکٹری انتظامیہ کے خلاف زبردست احتجاج ۔ تفصیلات کے مطابق سندر میں ایک ٹیکسٹائل فیکٹری کی انتظامیہ نے مبینہ طور پر فیکٹری کا آلودہ پانی اور سیوریج کی نکاسی کے لیے ملحقہ آبادی بھٹہ کالونی میں بغیر کسی چھت کے کنواں نماگہرا گٹر بنا رکھا ہے ۔معززین علاقہ لطیف بھٹہ،نصیر احمد، محمد ریاض ،صدیق، حاجی احمد بخش،معراج خالد،فیصل نذیر،عدنان صدیق ،اشرف شاہ، اکبر علی، عابد اور صغیر احمد نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ فیکٹری کے آلودہ پانی کی وجہ سے ہمارے گھروں میں پینے کا پانی گندہ اور بدبو دار آرہا ہے اور زیر زمیں پانی آلودہ ہونے کی وجہ سے ہمارے بچوں میں ہاتھ ، پائوں اور ٹانگیں ٹیڑھی ہونے کی بیماری پھیل رہی ہے جس سے ہمارے بچے مفلوج ہوگئے ہیں ۔ معززین علاقہ نے وزیر اعلیٰ شہباز شریف سے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے ۔ فیکٹری کے جنرل مینجر عقیل الرحمن نے کہاکہ گٹر صرف سیوریج کی نکاسی کے لیے ہے اس میں کیمیکل زدہ پانی شامل نہیں ہوتا مگر پھر بھی بیماری پھیلنے کے خدشہ کا جلد سدباب کریں گے۔
مانگا منڈی ، فیکٹری کے آلودہ پانی سے بچوں میں ہاتھ اور پائوں کی ہڈیاں ٹیڑھی ہونے کی بیماری
Aug 05, 2015