اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان کے نوجوان فلم ساز شاہنواز زالی کی ڈاکومنٹری سو قدم (100Steps)کو 43ویں سٹوڈنٹ اکیڈمی ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ اس بات کی تصدیق دو بار آسکر ایوارڈ جیتنے والی شرمین عبید چنائے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی جس میں انہوں نے شاہنواز کو مبارکباد بھی دی۔ سو قدم 2015 میں بنائی گئی تھی جس میں ایک نوجوان لڑکے کی زندگی کو پیش کیا گیا، اس فلم میں دکھایا گیا کہ کیسے ایک بچے کو خودکش بمبار بنادیا جاتا ہے۔ 23سالہ شاہنواز کا کہنا تھا کہ ایک فلم ساز ہونے کی حیثیت سے میں ایک ایسی فلم بنانا چاہتا تھا جو میڈیا کے ذریعے پوری دنیا میں پاکستان کے دقیانوسی کردار کی سوچ کو تبدیل کرسکے۔ فلم کے پلاٹ کے حوالے سے شاہنواز نے بتایا کہ انہوں نے یہ موضوع اس لیے منتخب کیا کیوں کہ یہ چیزیں معاشرے میں موجود ہیں، ایک قوم ہونے کے باعث سب کو مسائل کا حل ڈھونڈنا چاہیے۔