لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے پولیس کے انسپکٹرز اور سب انسپکٹر ز کی تنزلی کے خلاف ایک ہی نوعیت کی اڑھائی سو کے قریب درخواستوں کو ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دیا۔ چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے آوٹ آف ٹرن پروموشن کے ایک ہی نوعیت کی درخواستوں پر سماعت کی۔ درخواست گزار پولیس افسروں کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ سول سرونٹ ایکٹ کے تحت انہیں ترقی دی گئی جبکہ سال 2006میں یہ سیکشن ختم کر دیا گیا۔ جس قانون کے تحت ترقی دی گئی اس قانون کے ختم ہونے پر نئے قانون کا ان پر اطلاق نہیں ہوسکتا جبکہ قانون کے مطابق بغیر موقف سنے عہدے سے تنزلی نہیں کی جاسکتی۔ چیف جسٹس نے درخواستیں ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردیں اور درخواست گزار پولیس افسروں کو سروس ٹربیونل سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔
لاہور ہائیکورٹ نے تنزلی کا شکار پولیس اہلکاروں کی درخواستیں ناقابل سماعت قراردیکر خارج کردیں
Aug 05, 2016