پاکستان سے 3 فلائٹس عازمین حج کو لیکر مدینہ منورہ پہنچ گئیں

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) ملک بھر میں حج آپریشن کا آغاز ہوگیا ہے۔ اسلام آباد‘ کراچی اور لاہور سے تین فلائٹس عازمین حج کو لیکر مدینہ منورہ پہنچ گئیں۔ حج آپریشن 4 ستمبر تک جاری رہے گا۔ قومی ایئر لائن کی پہلی حج پرواز گزشتہ روز صبح چار بجکر پچیس منٹ پر اسلام آباد سے تین سو اٹھائیس عازمین کو لیکر مدینہ منورہ روانہ ہوئی۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف اور پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نے عازمین کو رخصت کیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف خان کی عازمین حج کیلئے سعودی عرب میں بہترین طبی اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے عازمین حج کو متنبہ کیا کہ وہ اپنے ساتھ کوئی بھی مشکوک چیز لیکر نہ جائیں کیونکہ اس طرح پاکستان کی بدنامی کا خدشہ ہوتا ہے۔ ائرپورٹ حکام نے سیکورٹی وجوہات کے باعث ائرپورٹ کی حدود میں عازمین کے ساتھ اہل خانہ میں سے ایک شخص کو جانے کی اجازت دی ہے۔

ای پیپر دی نیشن