پشاور (این این آئی)خیبر پی کے احتساب کمشن نے قومی اسمبلی کی رکن عائشہ گلالئی پر لگنے والے کرپشن الزامات کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کرنے کا فیصلہ کر لیا جبکہ صوبائی وزیر خیبر پی کے شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ ان پر لگے الزامات کے باقاعدہ ثبوت اور گواہ موجود ہیں، تحقیقات ہونی چاہئیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق خیبر پی کے احتساب کمشن نے عائشہ گلالئی کے معاون اور پولیٹکل سیکرٹری نور زمان کی جانب سے لگائے گئے کرپشن الزامات کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ صوبائی وزیر نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ الزامات کے تحت عائشہ گلالئی سامنے بٹھا کر کہتی تھیں کہ مجھے اتنی کمیشن دیدو تو میں یہ کام کروا دوں گی۔ ان کیخلاف گواہ بھی ہے تو ان کے خلاف الزامات کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔ انہیں اپنے اوپر لگے الزامات کا جواب دینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ عائشہ گلالئی نے سستی شہرت حاصل کرنے کیلئے سب کچھ کیا اور الزامات لگانے کی بھارتی قیمت وصول کی۔
خیبر پی کے احتساب کمشن نے عائشہ گلالئی پر کرپشن الزامات کا نوٹس لے لیا، تحقیقات کا فیصلہ
Aug 05, 2017