شہریار کی مدت مکمل الوداعی ملاقاتیں ، نیاگورننگ بورڈ پرسوں فعال ہوگا

Aug 05, 2017

لاہور(سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان مدت پوری کرنےوالے تیسرے چیئرمین بن گئے۔ آئینی طور پر شہریار کی بطور چیئرمین مدت مکمل ہو گئی نئے چیئرمین کےلیے الیکشن 9 اگست کو ہوگا۔ شہریار خان سے قبل لیفٹیننٹ جنرل (ر) توقیر ضیاءاور اعجاز بٹ مدت مکمل کر چکے ہیں۔ چیئرمین پی سی بی شہریار خان کی بطور سربراہ بورڈ تقرری کا نوٹیفیکشن 18 اگست 2014ءکو جاری ہوا تھا، نیا گورننگ بورڈ فعال ہونے کے بعد شہریار اپنے عہدے سے سبکدوش ہوگئے ہیں۔ ہفتہ اور اتوار کی سرکاری چھٹیوں کے بعد پیر کو نیا گورننگ بورڈ فعال ہو جائےگا۔ پاکستان کے سابق سفارتکار شہریار خان نے 18اگست 2014 کو بطور چیرمین ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔ گذشتہ روز عملی طور پر شہریار خان کا بورڈ کے ہیڈکوارٹرز قذافی سٹیڈیم میں آخری دن تھا۔ شہریار خان نے تین سالوں میں ان کے ساتھ کام کرنے والے افسران و ملازمین سے ملاقاتیں کیں اور ان کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ترجمان پی سی بی اس بات کی نفی کرتے رہے کہ چیئرمین پی سی بی شہریار خان ابھی چیئرمین ہی ہیں۔ نئے الیکشن تک فرائض انجام دیتے رہیں گے۔

مزیدخبریں