اسلام آباد (آئی این پی+نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے ہم سمجھتے ہیں بی این پی کے 6نکات پر پیش رفت ممکن ہے ، بی این پی 18سال سے جدوجہد کر رہی ہے، پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ نے ان کے مسائل حل نہیں کئے ، آزمائے ہوئے کو آزمانا عقلمندی نہیں بی این پی رہنما جہانزیب جمالدینی نے کہا بی این پی مینگل 18سال سے نکات پیش کر رہی ہے مگر ان کو ماننے کی صلاحیت کسی میں نہیں دیکھی، امید ہے پی ٹی آئی نکات پر پیش رفت کرے گی۔ ہفتہ کو پی ٹی آئی اور بی این پی کے وفد کے درمیان ملاقات ہوئی جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا ہماری ملاقات اچھی رہی، ملکی مفاد میں کپتان بڑا قدم اٹھانے کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں۔ آج کی نشست کے بارے میں عمران خان کو آگاہ کروں گا۔ کراچی کے لوگوں کے ساتھ ہاتھ ملائے بغیر کراچی کے مسائل کا حل ممکن نہیں۔ بی این پی رہنما نے میڈیا سے گفتگو میں کہا جمہوریت کیلئے مذاکرات سے مسائل حل کریں گے ، ہم ایک نتیجہ خیز ڈائیلاگ کی طرف جا رہے ہیں ۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی اور بی این پی رہنما جہانزیب جمال دینی کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں بلوچستان اور وفاق میں حکومت سازی سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔ جہانزیب جمالدینی نے بی این پی کے 6نکات پیش کئے۔