خیبر پی کے: تیزبارشوں سے سیلاب کا خطرہ، تھر میں بادل نہ برسنے سے قحط سالی کا خدشہ

Aug 05, 2018

پشاور‘ اسلام آباد‘ تھرپارکر (بیورو ریپورٹ+این این آئی+ اے پی پی+ صباح نیوز)نگران وزیراعلیٰ خیبر پی کے سابق جسٹس دوست محمد خان نے محکمہ موسمیات کی صوبے کے مختلف اضلاع میں تیز بارشوں کی وجہ سے سیلاب کے ممکنہ خطرات ،سیلابی ریلوں ، زندگی اور پراپرٹی کو نقصان پہنچنے کی پیشن گوئی پر تمام ضلعی انتظامیہ کو ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ آج یہاں سے سرکاری طور پر یہ بات بتائی گئی کہ وزیراعلیٰ نے متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ضلعی حکومتوں ، ریسکیو1122 ، پی ڈی ایم اے اور ریلیف کی دیگر ایجنسیوں کو بھر پور تیاری کرنے اور ہمہ وقت مستعد رہنے کی ہدایت کی ہے ۔علاوہ ازیں تھر میں بارش کی تمام امیدیں دم توڑ گئیں۔ قحط سالی کا خطرہ پیداہوگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پیاسے صحرا میں کھڑے چرواہے آسمان پر چھائے بادلوں کو امید بھری نظروں سے دیکھتے ہوئے بادلوں کے برسنے کی دعائیں مانگتے ہیں۔ حالیہ سیزن میں بارشوں کا نہ ہونا کئی المیوں کو جنم دے سکتا ہے۔دریں اثناء محکمہ موسمیات نے (کل)پیر سے بدھ کے دوران بالائی خیبرپختونخوا (مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ ڈویژن)، پنجاب (راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، بہاولپور، ساہیوال ڈویژن)، مشرقی سندھ (میرپورخاص، ٹھٹھہ ڈویژن)، شمال مشرقی بلوچستان (ژوب، قلات ڈویژن)، اسلام آباد اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ زیریں خیبرپی کے (بنوں، ڈی آئی خان ڈویژن)، وسطی/جنوبی پنجاب (فیصل آباد، ڈی جی خان، ملتان ڈویژن)،بالائی/وسطی سندھ (حیدرآباد، شہید بینظیرآباد، سکھر، لاڑکانہ ڈویژن) اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیزہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔اس دوران مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان۔محکمہ موسمیات کی جاری رپورٹ کے مطابق (آج )اتوار کوملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور شدید مرطوب رہیگا۔تاہم راولپنڈی،گوجرانوالہ، لاہور، ہزارہ ڈویژن،اسلام آباد اور کشمیر میں چند مقامات پر تیزہوائوں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔

مزیدخبریں