لاہور(خبر نگار ) پیپلز پارٹی لاہور کے سنیئر نائب صدر محمد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی لیڈر شپ اسمبلی میں بہترین اپوزیشن کرکے دکھائے گی اور عوامی حقوق کی آواز بلند کرتی رہے گی اپوزیشن کا اتحاد بننا اچھی بات ہے اپوزیشن جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو کر آواز اٹھانی چاہئے اور تبدیلی والوں کی اصلیت قوم کے سامنے لانی چاہئے ۔ پیپلز پارٹی عوام کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دے گی اور عوامی مسائل کو فوری حل کروانے کے لئے ہر فورم پر بات کرتی رہے گی ۔عابد حسین صدیقی نے کہا ہے کہ ملک کی سیاسی جماعتوں کا پارلیمانی اور جمہوری فورم کو استعمال کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے سیاسی جماعتیں جمہوریت کو کمزور کرنے کی بجائے مضبوط بنائیں جمہوریت ہی بہترین نظام ہے یہ ہی وجہ ہے کہ پیپلز پارٹی نے جمہوریت کی بقا کے لئے لازوال قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی جمہوریت پرکوئی آنچ نہیں آنے دے گی۔ ملک میں صاف شفاف انتخابات کروانے میں الیکشن کمیشن کی اپنی ذمہ داری پوری نہیں کر سکا اس لئے اس اہم ترین ادارے میں مشاورت سے مزید اصطلاحات کی ضرورت ہے۔