اسلام آباد (این این آئی+ آن لائن+ آئی این پی) تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے کہا ہے کہ الیکشن ہم نے نہیں الیکشن کمشن نے کرائے ہیں، اپوزیشن اپنے مطالبات تو سامنے لے کر آئے، فضل الرحمن ایک کلو گوشت کیلئے پوری بھینس ذبح کرنا چاہ رہے ہیں،قومی اسمبلی میں اس وقت 177 ارکان کی حمایت حاصل ہے، پنجاب اسمبلی میں بھی 186 ارکان ہمارے ساتھ ہیں۔ بنی گالہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا مولانا فضل الرحمن صرف دو حلقوں سے ہارے ہیں جبکہ 48 حلقوں میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی ہوئی ہے۔ مولانا فضل الرحمن 10 بار بھی الیکشن لڑ لیں جیت نہیں سکتے۔ انہوں نے کہا الیکشن کمشن 7 اگست کو سرکاری نتیجہ جاری کر رہا ہے جس کے بعد مخصوص نشستوں پر کامیاب امیدواروں کا اعلان کرے گا۔ 11اگست تک ایوان مکمل ہوں گے جس کے بعد ہی وفاقی کابینہ کو حتمی شکل دی جا سکے گی۔انہوں نے کہا حکومت پھولوں کی سیج نہیں بلکہ کانٹوں کا بستر ہے، عوام کی توقعات ایک چیلنج ہے، اللہ کی مدد سے عوام کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔ فواد چودھری نے کہا برطانوی ہائی کمشنر سے کہا برطانیہ لوٹی گئی رقم واپس لانے میں مدد کرے، یورپی یونین اور خلیجی ممالک نے بھی رقوم کی واپسی میں مدد کی یقین دہائی کرائی ہے۔ آن لائن کے مطابق انہوں نے کہا ہماری حکومت منی لانڈرنگ پر سخت پالیسی اپنائے گی ۔ ہم ہندوستان اور افغانستان کے ساتھ قریبی تعلقات کے خواہاں ہیں۔ ہم دنیا کے ممالک سے ملکی سطح پر برابری کی بنیاد پر تعلقات رکھیں گے نہ کہ نواز شریف کی طرح ذاتی سطح پر ، نواز شریف سے عمران خان کی کوئی ذاتی لڑائی نہیں ہے عوام کی امانت ہے جو ہم واپس لائیں گے، ایون فیلڈ فلیٹس کا معا ملہ برطانیہ کی حکومت کیساتھ اٹھایا جائے گا اور ان کو ہم بتائیں گے یہ فلیٹس حکومت پاکستان کی ملکیت ہیں۔ این این آئی کے مطابق انہوں نے کہا کہ لوگ جلد موثر تبدیلی چاہتے ہیں اور بڑے فیصلوں کی امید رکھتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی سب سے بڑی اپوزیشن وہ توقعات ہیں جو لوگوں نے ہم سے وابستہ کی ہیں۔