ٹھگوں کا گروہ کل بھی متحد تھا آج بھی ہے: محمود الر شید

Aug 05, 2018

لاہور ( سپیشل رپورٹر) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق اپوزیشن لیڈر میاں محمود الر شید نے کہا کہ عمران پہلے بھی اپوزیشن میں تن تنہا کھڑے تھے آج حکومت میں بھی اکیلے ہیں، ٹھگوں کا گروہ کل بھی متحد تھا آج بھی متحد ہے، بہتر ہے شہباز شریف خود کو اپوزیشن میں رہنے کی عادت ڈال لیں کیونکہ اب عمران سے اقتدار چھیننا انکے بس میں نہیں، پنجاب کو جاگیر سمجھنے والے یہ بھی جان لیں عوام اب جاگ گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور روانگی سے قبل بنی گا لہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ میاں محمود الر شید نے کہا کہ عوام نے تحریک انصاف کا انتخاب کرکے ایک بڑی ذمہ داری ڈالی ہے، ہر شہری کو بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ملکی ترقی و خوشحالی، روزگار اور گھروں کی فراہمی سمیت ہر وعدہ پورا کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں میاں محمودالرشید نے کہا کہ وقت ثابت کریگا عمران خان نہیں2018ء کا انتخاب پاکستان اور پاکستان کا ہر بچہ جیتا، ملکی کی تقدیر بدلنے کیلئے ایک سچے اور نڈر لیڈر کی ضرورت تھی جو عوام کو مل گیا۔ انکا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ملک کی ایک بڑی سیاسی جماعت ہے جو بیک وقت2صوبوں اور وفاق میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے، تحریک انصاف اس چیلنج کو قبول کرنے کیلئے تیار ہے عوام کو ڈلیور کرکے ثابت کریں گے کہ انہوں نے بہتر انتخاب کیا ہے۔

مزیدخبریں