عمران خان کے پاس ڈلیور کرنیکے علاو ہ کوئی آپشن نہیں‘ شیخ رشید

اسلام آباد (این این آئی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عوام نے ووٹ کو عزت دو اور روٹی کپڑا مکان کے نعرے کو مسترد کردیا ہے، تحریک انصاف چاہتی ہے عمران خان چودہ اگست تک وزیراعظم کا حلف اٹھا لیں، عمران خان کے پاس ڈلیور کرنے کے علاوہ کوئی اور آپشن نہیں۔ہفتے کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف چاہتی ہے کہ عمران خان چودہ اگست تک وزیر اعظم کا حلف اٹھا لیں،اس حوالے سے کوششیں بھی کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو بہت ہی سخت محنت کرنی ہوگی کیونکہ عمران خان کے پاس ڈلیور کرنے کے علاوہ اور کوئی آپشن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف وکٹ کے دونوں طرف کھیل کھیل رہے تھے اور وزیر اعظم بننا چاہتے تھے مگر قوم نے ووٹ کو عزت دی اور نواز شریف کو ووٹ نہیں دیا لیکن یہ لوگ اب مان نہیں رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بار ایسا ہوا کہ جیلوں میں رنگ برنگے کھانے اور ٹویٹ چل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف شہباز شریف سے سخت مایوس ہو چکے ہیں اور وہ حوصلہ ہار چکے ہیں۔ انتخابات کے دنوں میں اکثر سیاسی لوگ جیل جانے کو ترجیح دیتے ہیں،نواز شریف سمجھتے تھے کہ جیل جا کر مظلومیت کا ووٹ لے لیں گے مگر ان کا اندازہ غلط ثابت ہوا۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں لوگوں نے ووٹ کو عزت دو اور روٹی کپڑا مکان کے نعرے کو مسترد کردیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن