لاہور + اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر + خصوصی نمائندہ) لاہور کے مختلف حصوں میں ہلکی بوندا باندی کے بعد حبس میں اضافہ ہو گیا جس سے لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہیگا۔ تاہم ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں/ آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پشاور، ہزارہ، راولپنڈی، قلات، ژوب، مکران ڈویژن اور کشمیر میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش بلوچستان، خضدار 18 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ مون سون کی بارشوں کے بعد دریاؤں میں نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے چناب میں طغیانی کے باعث جھنگ کے درجنوں دیہات زیرآب آ گئے۔ مون سون بارشوں کے باعث دریائے سندھ اور دریائے چناب میں پانی کی آمد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ چناب میں طغیانی سے پانی جھنگ کے علاقوں واہگہ‘ کلیکہ‘ حسن خان‘ بستی ملاح والی‘ دوکہ اور دیگر آبادیوں میں داخل ہو گیا جس کے باعث ہزاروں ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلیں متاثر ہوئیں۔