کراچی (نیٹ نیوز) وفاقی وزیر علی زیدی کی پریس کانفرنس کے دوران تقریب بدنظمی کا شکار ہو گئی، کارکنان نے ایم این اے کو سٹیج پر نہ بٹھانے کیخلاف نعرے بازی شروع کر دی۔ آئو کراچی صاف کریں تقریب میں شور شرابا، تحریک انصاف کی تقریب میں کارکنان کی مخالفانہ نعرے بازی کے سبب بد مزگی پھیل گئی۔ شرکا وفاقی وزیر کی تقریر کے دوران شور شرابا کرتے رہے، اس دوران انتظامیہ بھی صورتحال کنٹرول کرنے میں ناکام نظر آئی۔ تقریب میں کشیدہ صورتحال سے قبل وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ کراچی میں لاکھوں گلیاں ہیں، گلیوں سے کچرا نہیں اٹھا سکتے۔ شہری کچرا ڈمپر تک پہنچا دیں جہاں سے اسے ویسٹ لینڈ تک پہنچا دیا جائے گا، انہوں نے تعمیراتی کمپنیوں سے کنسٹرکشن کا کام مکمل ہونے کے بعد کچرا ہٹانے کی اپیل بھی کی۔