اسلام آباد (اے پی پی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر ملک کی تمام سیاسی قیادت کو یک زبان ہو کر بھارتی دہشت گردی کو پوری دنیا میں بے نقاب کرنا چاہیے۔اتوار کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ ملکی سلامتی اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہونے کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی معاملات پر اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرے ۔