لاہور (خصوصی نامہ نگار، نامہ نگار، نوائے وقت رپورٹ) صدر مسلم لیگ ن اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے کہا کہ کشمیر میں بھارت کی شکست نوشتہ دیوار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے کیا۔ شہبازشریف نے حریت قیادت کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسز کے ہاتھوں 7 کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو فوری نوٹس لینا چاہئے اور بھارتی قیادت کو بے گناہ کشمیریوں کی نسل کشی سے روکنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری بھارتی جارحیت رکوانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی آگ سے کھیل رہے ہیں۔ شہبازشریف نے سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق، یاسین ملک اور دیگر کشمیری رہنمائوں سے مکمل اظہار یکجہتی کیا۔ سراج الحق نے کہا ہے کہ سید علی گیلانی کو یقین دلاتے ہیں کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ کشمیر پر حکومت اور تمام سیاسی جماعتوں کا ایک ہی موقف ہے کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیا جائے ۔ ہم مسئلہ کشمیر پر اسی ثالثی کو تسلیم کریں گے جو کشمیر میں استصواب رائے کرانے اور کشمیری قوم کو حق خود ارادیت دینے کے لیے ہو ۔ حکومت پوری جرأت کے ساتھ اقوام متحدہ میں اس مسئلے کو اٹھائے اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے مستقل نائب وزیر خارجہ مقرر کیا جائے ۔ بھارت کنٹرول لائن پر کلسٹر بموں سے بڑی تباہی پھیلانے کی کوشش کررہا ہے۔ بین الاقوامی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہیے ۔ دنیا بھر کے پاکستانی سفارتخانوں میں کشمیر کے لیے ایک الگ ڈیسک قائم کیا جائے ۔ جماعت اسلامی اسلام آباد میں کشمیر پر عالمی کانفرنس بلائے گی ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے منصورہ میں ہونے والے اوورسیز پاکستانیوں کے نمائندہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں دنیا کے 20 مختلف ممالک کے اوورسیز پاکستانیوں کے نمائندوں نے شرکت کی ۔بھارت کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے لیے لاکھوں ہندوئوں کو لا کر بسا رہاہے ۔بھارت خطے کو آگ کی جنگ میں جھونکنا چاہتاہے ۔انہوںنے کہاکہ ہم کشمیر پر کسی ایسے موقف کو تسلیم نہیں کریں گے جو بھارت کی خواہش پر اختیار کیا گیا ہو اور جس سے کشمیرمیں سٹیٹس کو قائم رہے۔ ایسا سوچنا بھی کشمیریوں کے ساتھ غداری ہوگا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکومت او آئی سی کا اجلاس بلا کر مسلم ممالک کی طرف سے سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی ریکوزیشن دے ۔جمعیت علماء اسلام کے سر براہ مولانا فضل الرحمن نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر میں تاریخ کے بد ترین مظالم پر کوئی درندہ صفت انسان ہی خاموش رہ سکتا ہے ، اقوام متحدہ ،سلامتی کونسل اور عالمی ادارے کشمیر میں بے گناہ لوگوں پر مظالم رکوانے میں کردار ادا کریں۔انہوں نے کہاکہ مسلم دنیا کو ان مظالم کو رکوانے کے اپنا کردار ادا کر نا چاہیے انہوں نے کہاکہ پاکستانی قوم اس مشکل گھڑی میں کشمیری عوام کے ساتھ ہے ۔ بھارتی فوج لائن آف کنٹرول پر کلسٹر بم گرا کر عالمی قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کر رہی ہے عالمی ادروں کا اس بات کا نوٹس لینا چاہیے۔کشمیر میں بھارت اپنے مظالم پر پردہ ڈالنے کے لیے الزامات کی سیا ست کر رہاہے۔بھارت اپنی ہٹ دھرمی چھوڑے اور کشمیری عوام کو ان کا حق دے۔جے یو آئی کے دیگر رہنمائوں حاجی اکرم خان درانی ، مولانا محمد امجد خان محمد اسلم غوری نے کہا کہ اس نے کوئی غلطی کی تو قوم منہ توڑ جواب دینے کے لئے تیار ہوگی۔ پاکستان علماء کونسل لاہور کے زیراہتمام مختلف مکاتب فکر کے علماء ، مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خلاف اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اور اقوام متحدہ کو ہنگامی اقدامات کرنے ہوں گے، 9 اگست کو ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جائے گا ، ہندوستان عالمی امن سے کھیلنا چاہتا ہے ، ہندوستانی جارحیت کا نتیجہ ڈیڑھ ارب انسانوں کیلئے ہی نہ صرف خطرات پیدا کر رہا ہے بلکہ دنیا کے امن کو بھی سبوتاژ کرنے کی سازش ہے ، پاکستانی قوم بھارتی جارحیت کے خلاف پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے ، کیمیکلز اور کلسٹر بموں کا استعمال بھارتی شکست اور سفاکیت کی علامت ہے ، کشمیری عوام تنہا نہیں ، پورا پاکستان مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ ہے ۔ پاکستان علماء کونسل اور وفاق المساجد و المدارس پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ، مولانا اسد اللہ فاروق ، سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، فادر ندیم فرانسز ، پادری شاہد معراج، مولانا محمد اشفاق پتافی ، علامہ زبیر عابد ، مولانا زبیر زاہد ، مولانا شمس الحق ، مولانا محمد اسلم قادری ، مولانا عبد القیوم فاروقی ، مولانا احسان احمد الحسینی ، مولانا زبیر کھٹانہ ، مولانا عثمان غنی ، قاری مبشر رحیمی اور دیگر نے کہا کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر کی قانونی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے جو عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمرزمان کائرہ،جنرل سیکرٹری چودھری منظور احمد، سیکرٹری اطلاعات و پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضی اور پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی صدر چودھری لطیف اکبر نے کہا ہے کہ بھارتی اشتعال انگیزی اور کشمیر میںجارحیت خطے میں امن کی فضاء سبوثاژ کرنے اور جنگ کی طرف دھکیلنے کی سازش ہے۔دنیا اگر امن کی خواہاں ہے تو اسے بھارتی جنگی جنون پر قابو پانے کے لئے اپنا کردار اداکرنا ہو گا۔شیخوپورہ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق قمر الزمان کائرہ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش مثبت ہے اور اس سے مسئلہ کشمیر اجاگر ہوا مگر کشمیریوں پر حالیہ تشد د کی لہر نے خطہ کے امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے اور خدشہ محسوس کیا جارہا ہے کہ بھارت کوئی بڑی کارروائی کرسکتا ہے امریکی صدر نہتے اور بے گناہ کشمیریوں پر بہیمانہ تشدد اور ظلم و بربریت کو رکوانے کیلئے سنجیدہ کوشش کریں، چیئرمین سینیٹ کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کی ناکامی کے بعد اپوزیشن اتحاد کو کوئی خطرہ نہیں اعتماد برقرار رہے گا۔ احتجاج میں مزید تیزی آئے گی۔ ایک سال میں اس حکومت کی کارکردگی صفر ہے اور اپنی عوامی مقبولیت کھو چکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما چوہدری عمران صفدر گجر کی ہمشیرہ کی شادی کی تقریب میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر صفدر علی گجر، ضلعی صدر ملک جاوید اکبر ڈوگر، محمد آصف خان، منیر قمر واہگہ، حاجی محمد یٰسین کرمانوالہ ، حاجی فلک شیر ایڈووکیٹ، سیٹھ غلام رسول و دیگر پارٹی رہنما موجود تھے۔