متحد ہو کر سازشوں کا مقابلہ کرینگے: صدر علوی، پولیس نے آپریشنز میں غیر معمولی کردار ادا کیا:آرمی چیف

Aug 05, 2019

اسلام آباد ( نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) یوم شہدائے پولیس عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔عارف علوی نے کہا ہے کہ یوم شہدائے پولیس کے موقع پر پولیس افسروں اور اہلکاروں کی جانب سے دی گئی لازوال قربانیوں پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، مشکل حالات اور محدود وسائل کے باوجود پولیس نے قیام امن اور عوام کی حفاظت کے لئے مثالی کردار ادا کیا اور اس ضمن میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا۔ اتوار کو یوم شہدائے پولیس کے موقع پر پیغام میںصدر مملکت نے کہا کہ پوری قوم، ملک و قوم کی سلامتی کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی مقروض ہے، آج اس عزم کی تجدید کا بھی دن ہے کہ ہمیں متحد ہوکر تمام داخلی و بیرونی سازشوں کا مقابلہ کرنا ہے کیونکہ شرپسند عناصر پاکستان کی ترقی و استحکام کے مخالف ہیں۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستانی پولیس کے شہداء اور ان کے خاندانوں کو یوم شہدائے پولیس کے موقع پر سلام پیش کرتے ہیں، پولیس نے دہشت گردی کے خلاف آپریشن میں دیگر سکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر غیر معمولی کردار ادا کیا ہے۔ اپنے پیغام میں آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کی پولیس نے گزشتہ کئی سالوں سے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ ایک مضبوط اور پیشہ ور فورس ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پولیس نے دہشت گردی کے خلاف آپریشن میں دیگر سکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر غیر معمولی کردار ادا کیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے پولیس کے شہداہ کی لازوال قربانیوں پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا وسائل کی کمی اور دیگر مسائل کے باوجود پولیس نے اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے سرانجام دی ہیں۔ جب تک ملک کے محافظ پر عزم اور ہمہ تن گوش ہیں کو ئی اندرونی یا بیرونی سازش اس ملک کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی۔ شہداء کا قیمتی لہو وطن کو امن کا گہوارہ بنانے کی جدوجہد میں شامل ہے۔ پوری قوم کو اپنے شہداء پر ناز ہے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج کے دن پولیس کے ان شہداء کو قوم سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے ملک وقوم کے لئے اپنی جانیں قربان کیں۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں مسلح افواج، رینجرز اور پولیس کے شہداء نے عظیم قربانیاں دی ہیں۔ اپنے پیغام میں شہبازشریف نے کہاکہ شہداء کے پاک لہو کی بدولت پاکستان میں امن ہے۔

مزیدخبریں