کشمیریوں کو بھارتی مظالم سے نجات دلانے اور آزادی کیلئے مکہ اور مدینہ میں خصوصی دعائیں

مکہ المکرمہ + لاہور(امیر محمد خان + خصوصی نامہ نگار) مکہ المکرمہ اور مدینہ المنورہ میں عبادات میں مصروف لاکھوں فرزندان توحید نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی روایتی فوج کشی میں اچانک اضافے پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ عازمین حج اپنی دعائوں میں مظلوم کشمیریوں پر ہونے والے بھارتی مظالم سے فوری نجات اور کشمیر کی آزادی کیلئے دعائیں کر رہے ہیں۔ نوائے وقت کو ملتان سے آئے ہوئے حاجی ذوالفقار ممدوٹ نے فون پر بتایا کہ ہم عبادات میں مصروف ہیں اس دوران سوشل میڈیا پر بھارت کی جانب سے نہتے کشمیریوں اور پاکستان کے سرحدی علاقوں میں بھارت کی جانب سے کلسٹر بموں سے حملوں اور پاکستان کی معصوم جانوں کی شہادت کی خبریں مل رہی ہیں ۔ ہم ہر نماز میں کشمیر کی آزادی اور بھارتی ظلم و ستم سے نجات کی دعائیں کر رہے ہیں۔ مکہ المکرمہ کے کئی مکاتب جہاں پاکستانی حجاج موجود ہیں ہر نماز میں بھارتی تسلط سے نجات کیلئے اجتماعی دعائیں کر رہے ہیں۔ پاکستان سے آئی ہوئی ایک خاتوں عازم حج زبیدہ خانم نے بتایا کہ بھارت اپنی ہٹ دھرمی سے باز نہیں آئے گا جب تک عالم اسلام ملکر بھارت کے خلاف کوئی معاشی پابندی عائد نہیں کرینگے۔ بھارت امریکی صدر کی ثالثی کی پیشکش کو بھی خاطر میں نہیںلارہا۔ چونکہ وہ اپنی مسلم دشمن دہشت گرد رعایا کو خوش کرنا چاہتا ہے۔ سعودی عرب میں پاکستان کی وزارت حج کے زیر انتظام بھی اجتماعی دعائوںکو اہتمام کیا گیا۔ جو حرمین میں ہرنماز کے بعد اجتماعی دعائیں کر رہے ہیں۔ سفیر پاکستان راجہ علی اعجاز جو پاکستانی حجاج کا انتظامات کا جائیزہ لینے کیلئے مکہ المکرمہ میں موجود ہیں نے نوائے وقت کو بتایا کہ سیکریٹری جنرل او آئی سی نے آج ان سے ملاقات کے دوران بھارتی ہٹ دھرمی اور مظالم کا نوٹس لیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حج مشن کے ہمراہ انہوں نے پاکستانی اور دیگر مسلمان حجاجج کو اس طرف راغب کیا ہے کہ وہ اجتماعی دعائوںکا اہتمام کریں۔ مکہ المکرہ میں نہ صرف پاکستانی بلکہ بھارت، بنگلہ دیش ، مصر ، خلیجی ممالک، انڈونیشیا، ملائیشا کے حجاج اکرام بھی کشمیر میں ہونے والے ظلم و ستم کی مذمت کرتے ہوئے اپنی دعائوں میں کشمیر میں بھارتی جبر کے خاتمے اور کشمیر کی آزادی کیلئے دعائیںکر رہے ہیں۔لاہور سے خصوصی نامہ نگار کے مطابق مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی فوج کی مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی اور آزاد کشمیر میں کلسٹر بمبوں سے حملوں کے خلاف مساجد میں خصوصی دعائوں کا اہتمام کیا گیا اور جدوجہد کشمیر میں سرگرم کشمیری رہنمائوں اور مجاہدین کی کامیابی کے لئے دعائیں کی گئیں۔ علماء کرام نے کہا کہ بھارت کے مظالم کے خلاف عالمی اداروں خصوصی طور اقوام متحدہ، او آئی سی کو سختی سے نوٹس لینا چاہئے، عالمی برادری کو فوری طور پر خاموشی توڑ کر کوئی ٹھوس قدم اٹھانا چاہئے، مودی حکومت خطہ کے امن کو جان بوجھ کر دائو پر لگانا چاہتی ہے۔ مشکل گھڑی میں پوری پاکستانی قوم مظلوم کشمیریوںکے ساتھ ہیں۔ جامعہ غوثیہ رضویہ گلبرگ میں خصوصی دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قاری زوار بہادر نے کہا کہ ہندو بنیا یاد رکھے کے اس نے کوئی غلطی کی تو پاک فوج منہ توڑ جواب دے گی، مکار مودی ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے، تنظیم اتحاد امت کے چیئرمین نے مسجد الحسن میں دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم سے دنیا پر بھارت کا سفاک چہرہ بے نقاب ہو گیا، اگر بھارت نے کوئی غلطی دہرائی تو اسے ماضی سے زیادہ شرمندگی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ جار حیت پر پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلی ڈاکٹر راغب نعیمی نے جامعہ کی مسجد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری اپنے حق خودارادیت اور آزادی کے حق سے کسی صورت دست بردار نہیں ہوگے، کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے اور بھارت زیادہ دیر اس پر مزید قابض نہیں رہ سکتا۔ اہل کشمیر اور اہل پاکستان کا رشتہ لا الہ الا اللہ کا ہے اور یہ رشتہ ہر چیز سے بڑا ہے۔ انہوں نے تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کے لئے خصوصی دعا بھی کی۔ اس سلسلے میں نوائے وقت گروپ کی مسجد میں بھی کشمیریوں کے حق میں خصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا جس میں کارکنان ادارہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ای پیپر دی نیشن